گوجرانوالہ، فیصل آباد اور ملتان میں 3 مجرموں کو پھانسی، 3 کی سزا پر عملدرآمد مؤخر
لاہور (نامہ نگاران + وقائع نگار خصوصی + ایجنسیاں) گوجرانوالہ، فیصل آباد اور ملتان کی جیلوں میں مقدمہ قتل کے 3 مجرموں کو تختہ دار پر لٹکا دیا گیا۔ لاہور، وہاڑی اور حیدر آباد میں 6 مجرموں کے بلیک وارنٹ جاری کردیئے گئے، 3 مجرموں کی سزائوں پر عملدرآمد مؤخر کردیا گیا۔ گوجرانوالہ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق سنٹرل جیل میں تھانہ باغبانپورہ کے مقدمہ قتل میں مجرم اعجاز عرف ججی کو پھانسی دے دی گئی، مجرم نے 1998 میں لین دین کے تنازعہ پر فائرنگ کرکے آبادی مہر وزیر والی میں غلام رسول کو قتل کردیا تھا۔ جیل انتظامیہ نے مجرم کو پھانسی دینے کے بعد اسکی نعش ضروری کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کر دی جبکہ جیل انتظامیہ نے تھانہ پھولنگر کے مقدمہ قتل کے مجرم امجد علی کو مدعی مقدمہ کی جانب سے معاف کئے جانے پر مجرم کی پھانسی پر عملدرآمد عارضی موخر کرتے ہوئے مدعی مقدمہ کو دیگر ورثاء کے بیانات کروانے کی ہدایت کی۔ فیصل آباد سے نمائندہ خصوصی کے مطابق سزائے موت کے قیدی شوکت مسیح کو سنٹرل جیل میں تختہ دار پر لٹکا دیا گیا۔ مجرم شوکت مسیح نے 15سال قبل ندیم مسیح کو معمولی جھگڑے پر قتل کر دیا تھا۔ جیل انتظامیہ نے ضروری کارروائی کے بعد نعش ورثا کے حوالے کر دی۔ سزائے موت کے ایک اور مجرم عابد حسین کو بھی گزشتہ روز پھانسی دی جانی تھی۔ لواحقین کی جانب سے سٹے آرڈر لینے پر پھانسی ایک دن کے لئے موخر کر دی گئی۔ دوسری طرف ملتان سنٹرل جیل میں بھی سزائے موت کے ایک مجرم عباس کو پھانسی دیدی گئی۔ نعش ورثاء کے حوالے کردی گئی۔ وہاڑی سے نامہ نگار کے مطابق 13سالہ لڑکی سے زیادتی کے بعد قتل کرنے والے مجرم عبدالستار کو ڈسٹرکٹ جیل میں 27 مئی کو پھانسی دی جائے گی۔ گائوں176ڈبلیوبی وہاڑی کے رہا ئشی مجرم عبدالستار نے 18سال قبل لاہور میں 12/13 سالہ لڑکی رسولاں بی بی سے گھر میں داخل ہو کر زبردستی کر ڈالی اور اس کے گلے میں پھندا ڈال کر مار ڈالا تھا۔ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج /جج انسداد دہشتگردی عدالت نمبر ایک لاہور محمد قاسم نے مجرم کے بلیک وارنٹ جاری کردیئے۔ انسداد دہشت گردی لاہور کی خصوصی عدالت نے قتل کے مجرم شیرعلی کے ڈیتھ وارنٹ جاری کردئیے۔ 26 مئی کو پھانسی دی جائے گی۔ لاہور کی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے روبرو سپرنٹنڈنٹ کوٹ لکھپت جیل نے تحریری درخواست میں بتایا کہ مجرم شیرعلی کو 2001 میں کاہنہ کے علاقہ میں نوید کو قتل کرنے کے جرم میں سزائے موت سنائی گئی تھی اس حوالے سے تمام اپیلیں خارج ہوچکی ہیں لہٰذا ڈیتھ وارنٹ جاری کیے جائیں عدالت نے مجرم شیرعلی کے ڈیتھ وارنٹ جاری کرتے ہوئے26مئی کوپھانسی دینے کی تاریخ مقرر کردی۔ سیالکوٹ سے نامہ نگار کے مطابق سپریم کورٹ میں نظرثانی کی اپیل ہوجانے پر جمعرات کے روز ہونے والی مجرم لازر مسیح کی پھانسی روک دی گئی۔ انسداد دہشتگردی کی عدالت حیدر آباد نے طیارہ ہائی جیکنگ کیس میں صدرمملکت کی جانب سے رحم کی اپیلیں مسترد ہونے کے بعد شبیر بلوچ صابر بلوچ اور شہسوار بلوچ کے ڈیتھ وارنٹ جاریے کیے گئے،،تینوں مجرموں کو اٹھائیس مئی کو تختہ دار پر لٹکایا جائے گا۔شہسوار بلوچ اور صابر بلوچ سینٹرل جیل حیدرآباد جبکہ شبیر بلوچ سینٹرل جیل کراچی میں قید ہے۔تینوں مجرموں نے چوبیس مئی 1998ء کو تربت سے پی آئی اے کے طیارے کو ہائی جیک کرکے بھارت لے جانے کی کوشش کی تھی۔ انسداد دہشت گردی عدالت کراچی نے 4 سالہ بچے کے قتل کے مجرم محمود علی کے ڈیتھ وارنٹ جاری کردیئے۔ مجرم کو 28 مئی کو سنٹرل جیل کراچی میں پھانسی دی جائے گی۔ علاوہ ازیں جہلم سے نامہ نگار کے مطابق جہلم میں مجرم محمد افضل کو 26 مئی کو پھانسی دی جائے گی۔ سیشن جج کی طرف سے قاتل کے ڈیتھ وارنٹ جاری ہونے کے بعد جیل حکام نے پھانسی کے انتظامات مکمل کرلئے۔