مسیحی جوڑے کو زندہ جلانے کا مقدمہ: مالک سمیت 106 ملزموں پر فرد جرم عائد‘ 400 اشتہاری قرار
لاہور (وقائع نگار خصوصی + بی بی سی) انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت نے سانحہ کوٹ رادھا کشن میں نامزد 106ملزموں پر فرد جرم عائد کر دی جبکہ ملزموں نے صحت جرم سے انکار کیا ہے۔ انسداد دہشتگردی لاہور کی خصوصی عدالت میں کوٹ رادھا کشن میں مسیحی جوڑے کو قتل کے بعد زندہ جلانے کے کیس میں نامزد ملزموں کو پیش کیا گیا۔ وکلا کے دلائل مکمل ہونے کے بعد انسداد دہشت گردی کے جج نے بھٹہ مالک یوسف گجر سمیت 106 نامزد ملزموں پر فرد جرم عائد کردی۔ جبکہ 400 کو اشتہاری قرار دیا گیا۔ خصوصی عدالت نے سانحہ کوٹ رادھا کشن کے سرکاری گواہوں کو آج (جمعہ) طلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔ کوٹ رادھا کشن میں میاں بیوی کو بھٹے میں زندہ جلانے کے الزام میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔