• news

بھارت کے وفادار کالا باغ ڈیم کی تعمیر کے حق میں نہیں: شمس الملک

 (نمائندہ خصوصی) (ق) لیگ کے زیر اہتمام گوجرانوالہ میں کالا باغ ڈیم بناؤ قومی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعلیٰ خیبر پی کے سابق چیئرمین واپڈا انجینئر شمس الملک نے کہا ہے کہ کالا باغ ڈیم بناؤ تحریک ایک جہاد کا نام ہے۔ مجھے لگتا ہے کہ بھارت کے وفادار اس ڈیم کی تعمیر کے حق میں نہیں۔ پاکستان کی روشن تعبیر کالا باغ ڈیم کی تعمیر میں ہے۔ سیمینار میں ہر شعبہ حیات سے تعلق رکھنے والے معززین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ انہوں نے کہا کہ ڈیم بننے سے بجلی 2 روپے فی یونٹ عوام کو ملنا تھی جو آج 18 روپے یونٹ ہے۔ سندھ کو 40 لاکھ ایکڑ فٹ، پنجاب کو 22 لاکھ ایکڑ فٹ، خیبر پی کے کو 20 لاکھ ایکڑ فٹ اور بلوچستان کو 15 لاکھ ایکڑ فٹ پانی ملنا تھا۔ یہ منصوبہ اب بھی 6 سال میں مکمل ہو سکتا ہے، اس ڈیم کی مخالفت کرنے والے پاکستان کو تھر بنانے کی سازشوں میں مصروف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام صوبے حقائق سامنے رکھیں تو کوئی بھی کالا باغ ڈیم کی مخالفت نہیں کرے گا۔ صوبوں کے خدشات دور کرنے کیلئے ہمارے پاس ہر مسئلہ کا حل موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ گیس تیل اور کوئلے سے جو بجلی بنائی جا رہی ہے وہ انتہائی مہنگی ہے مگر پانی سے جو بجلی بنائی جائے گی وہ انتہائی سستی ہو گی۔ اگر کالا باغ ڈیم اور بھاشا ڈیم مکمل ہو جاتے تو ساڑھے 9 ہزار میگاواٹ بجلی سسٹم میں داخل ہوتی جس کی قیمت چین میں پیدا ہونے والی بجلی سے بھی کم ہوتی۔ ق لیگ کے ایڈوائزر اور کالا باغ ڈیم کے کنوینئر رضوان ممتاز علی نے کہا کہ پنجاب کے بعد بلوچستان میں بھی کالا باغ ڈیم آگاہی مہم شروع کی جائے گی۔ سیمینار سے مہر ظفر اقبال لک، اصغر احمد گورال، ڈاکٹر جاوید، سجاد اکبر کاظمی، فاروق احمد، صفدر محمود گورایہ، چودھری ذوالفقار پپن، ملک فراز اعوان اور زبیدہ احسان چودھری نے بھی خطاب کیا۔

ای پیپر-دی نیشن