بلدیاتی ضابطہ اخلاق: 25 مئی کو سراج الحق کی الیکشن کمشن طلبی، وزیرخیبرپی کے، 2 ارکان کو نوٹس
اسلام آباد ( نوائے وقت رپورٹ+انعام اللہ خٹک/نیشن رپورٹ) بلدیاتی انتخابات، ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر الیکشن کمشن نے امیر جماعت اسلامی سراج الحق کو 25 مئی کو طلب کر لیا ہے جب کہ خیبرپی کے کے وزیر اور 2 ارکان اسمبلی کو بھی نوٹس جاری کر دیئے ہیں۔ سراج الحق کو 2 روز میں جواب جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے سراج الحق نے کاٹلنگ میں 20 مئی کوجلسہ کیا تھا۔ الیکشن کمشن نے وزیر تعلیم خیبر پی کے مشتاق غنی کو بھی 2 روز میں تحریری جواب جمع کرانے کا حکم دیا ہے۔ مشتاق غنی کو اس سے قبل بھی الیکشن کمشن نے 25 مئی کو طلب کر رکھا ہے پی کے 50 سے ایم پی اے اکبر ایوب، پی کے 48 کے سردار ادریس کو بھی نوٹس جاری کیا گیا ممبر صوبائی اسمبلی اکبر ایوب کو 25 مئی کو کمشن کے سامنے پیش ہونے کا حکم دیا۔نیشن رپورٹ کے مطابق کے پی کے میں دونوں بڑی جماعتیں پی ٹی آئی اور جماعت اسلامی بلدیاتی انتخابات کے لیے الیکشن کمشن کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کر رہی ہیں۔ الیکشن کمشن میں پی95 میں جماعت اسلامی کے امیدوار کی کامیابی کے خلاف کیس کی سماعت کر رہا ہے اور جماعت کے امیدوار کی کامیابی کا نوٹیفکیشن حلقے میں خواتین ووٹروں کو ووٹ ڈالنے سے روکنے کے معاملے کی وضاحت تک روک دیاگیا ہے۔ یاد رہے کہ چیف الیکشن کمشنر بلدیاتی الیکشن کے انتخابی ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد کی خلاف ورزی پر کسی جماعت سے بھی رعایت نہیں کر رہے ہیں۔