کراچی: باپ بیٹے سمیت اہلسنت والجماعت کے 3 کارکن قتل: پولیس فائرنگ سے 6دہشتگرد ہلاک
کراچی (نوائے وقت رپورٹ) کراچی کے علاقے ملیر 15 میں ہوٹل پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے تین افراد مارے گئے۔ پولیس کے مطابق قتل ہونے والے دو افراد باپ بیٹا ہیں جن کی شناخت فرمان اور سید وہاب کے نام سے ہوئی جبکہ جاں بحق تیسرے شخص کی شناخت عصمت اللہ کے نام سے ہوئی۔ لیاقت آباد میں بھی فائرنگ سے ایک شخص ہلاک ہو گیا۔ رینجرز نے صدر میں موبائل مارکیٹ پر چھاپہ مار کر 9 افراد گرفتار کر لئے۔ منگھو پیر سلطان آباد میں پولیس موبائل پر دستی بم سے حملہ کیا گیا جس سے 2 اہلکار زخمی ہو گئے۔ پولیس کی جوابی کارروائی میں 2 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا گیا۔جبکہ رات گئے بلدیہ ٹائون میں4 دہشتگردوں کو ہلاک کرکے اسلحہ قبضے میں لے لیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں شارع نور جہاں کراچی سے 2 ٹارگٹ کلرز کو گرفتار کر لیا گیا۔ ملیر میں جاں بحق افراد اہلسنت والجماعت کے کارکن تھے۔ ترجمان کے مطابق سربراہ اہلسنت والجماعت علامہ محمد احمد لدھیانوی نے کہا ہے کہ کارکنوں کے قتل کی مذمت کرتے ہیں ہمارے کارکنوں کو ٹارگٹ کرکے مارا جا رہا ہے۔