• news

بھارت کو دہشت گرد قرار دینے کیلئے معاملہ سلامتی کونسل میں اٹھایا جائے: حافظ سعید

لاہور (خصوصی نامہ نگار)امیر جماعۃ الدعوۃ حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ بھارت افغانستان میں بیٹھ کر پاکستان کو میدان جنگ بنانا چاہتا ہے، بھارت کو دہشت گرد ملک قرار دینے کیلئے معاملہ سلامتی کونسل میں اٹھایا جائے، امریکہ اور بھارت اندر سے پاکستان دشمنی میں ایک ہیں، پاک چائنہ اکنامک کوریڈور منصوبے کو ناکام بنانے کیلئے بھارت کروڑوں ڈالر خرچ کررہا ہے، دہشت گردی کیخلاف پوری قوم متحد ہے۔ دہشت گردی میں را کے ملوث ہونے کا صرف نام لینے سے مسئلہ حل نہیں ہوگا، بھارتی دہشت گردی کے ثبوت دنیا کے سامنے لائے جائیں، بھارت وامریکہ کو ہماری نئی تجارتی راہداری کھٹک رہی ہے۔ سری نگر میں ترنگا لہرانے کی کوششیں کرنے والے ناکام ہوگئے، کشمیریوں نے ثابت کردیا کہ وہ پاکستان کے ساتھ ہیں۔ گزشتہ روز ڈیرہ غازی خان و ملتان میں میڈیا سے کارکنان وذمہ داران کی نشست سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان میں دہشت گردی بھارتی ایما پر ہو رہی ہے۔وہ دہشت گردوں کو تربیت دے کر افغانستان کے راستے پاکستان داخل کررہا ہے۔ کراچی جیسے واقعات کی روک تھام اور قتل و غارت گری کا خاتمہ محض بیانات سے نہیں ہو گا۔دہشت گردوں اور ان کو فنڈنگ کرنے والوں کو پوری دنیا کے سامنے بے نقاب کیاجائے۔ 

ای پیپر-دی نیشن