حکومت نرسنگ کی ترقی کیلئے کوشاں ہے: سلمان رفیق
لاہور(کامرس رپورٹر) مشیر صحت پنجاب خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ حکومت نرسنگ شعبہ کی ترقی کیلئے ٹھوس اقدامات کر رہی ہے۔ انہوںنے یہ بات گزشتہ روز ڈائریکٹوریٹ جنرل ہیلتھ کے آفس میں 18رکنی نرسنگ انسٹرکٹرز کو چین کے ایک ماہ کے تربیتی کورس پر روانہ کرتے ہوئے کہی۔ تقریب میں ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ ڈاکٹر زاہد پرویز اور محکمہ صحت کے دیگر افسران بھی موجود تھے۔ خواجہ سلمان رفیق نے تربیتی کورس پر جانے والی نرسز کو کہاکہ وہ اس موقع سے فائدہ اٹھائیں اوراپنے ایک ماہ کے دورے کے دوران زیادہ سے زیادہ وقت سیکھنے اور میڈیکل و نرسنگ کے شعبہ میں ہونے والی ترقی سے اپنے علم اور فنی مہارت کو مزید بہتربنائیں۔ انہوں نے کہا کہ مزید نرسز اور پیرا میڈکس کو بھی تربیتی کورسز پر بھیجا جائے گا۔ دریں اثناء ڈرگ پالیسی کی تیاری کے سلسلے میں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہے کہ عوام کو معیاری ادویات کی فراہمی یقینی بنانے ، غیر معیاری ادویات کے کاروبار کے خاتمہ اور ڈاکٹری نسخہ کے بغیر لائف سیونگ ڈرگز کی فروحت کو رکوانے کے لئے اقدامات کئے جائیں گے ۔ اجلاس میں ایڈیشنل سیکرٹری ڈرگ کنٹرول ڈاکٹر سہیل ثقلین ، سابق ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ ڈاکٹر نثار چیمہ ، چیف ڈرگ کنٹرولر ڈاکٹر ذکاء الرحمن ، ڈائریکٹر ڈرگ ٹیسٹنگ لیبارٹری(DTL) ، ڈاکٹر جمیل، سیکرٹری پنجاب فارمیسی کونسل چوہدری محمد شمعون اور پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے افسران نے شرکت کی - اجلاس میں ایڈیشنل سیکرٹری ڈرگ کنٹرول ڈاکٹر سہیل ثقلین نے پنجاب ڈرگ پالیسی بارے ڈرافٹ سٹرٹیجی پر بر یفنگ دی۔