شائقین کی بڑی تعداد نماز جمعہ کے بعد ہی قذافی سٹیڈیم پہنچ گئی، ٹیموں کی آمد پر بھرپور استقبال، زمبابوے کے کھلاڑی بھی محبت سے متاثر دکھائی دیئے
لاہور(سپورٹس رپورٹر/نمائندہ سپورٹس) پاکستان میں چھ برس بعد بحال ہونے والی انٹرنیشنل کرکٹ کے پہلے ٹی ٹونٹی میچ کے لئے سکیورٹی کے سخت حفاظتی اقدامات کئے گئے تھے۔ شائقین کرکٹ کی بڑی تعداد جمعہ کی نماز کے بعد ہی سٹیڈیم میں پہنچنا شروع ہوگئی جنہیں سکیورٹی کے پانچ سخت مراحل سے گزر کر سٹیڈیم تک رسائی ملی۔ سکیورٹی حکام نے وی آئی پیز اور عام شائقین سب کو یکساں ٹریک کیا۔ دونوں ٹیمیں میچ سے دو گھنٹے قبل سخت سکیورٹی میں قذافی سٹیڈیم پہنچیں تو شائقین کرکٹ اور حکام نے ان کا والہانہ استقبال کیا۔ کھلاڑیوں نے بھی ان کی طرف دیکھ کر ہاتھ ہلائے۔ زمبابوے کے کھلاڑی پاکستانی شائقین کی محبت دیکھ کر بہت متاثر نظر آئے۔