6 برس سے زائد عرصہ بعد قذافی سٹیڈیم لاہور سے شاندار آغاز ، پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ بحال، زمبابوے پہلا ٹی 20 ہار گیا
لاہور(چودھری اشرف) احمد شہزاد اور مختار احمد کی جارنہ اننگز کی بدولت پاکستان ٹیم نے زمبابوے کو پہلے ٹی ٹونٹی میچ میں ہراکر دو میچز کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کر لی۔ مختار احمد کو شاندار اننگز کھیلنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ زمبابوے کی جانب سے ملنے والا 173 رنز کا ہدف پاکستان ٹیم نے 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ احمد شہزاد اور مختار احمد نے پاکستان کی طرف سے اننگز کا آغاز کیا۔ دونوں کھلاڑیوں نے پہلی وکٹ کی شراکت میں 142 رنز کی دوسری بہترین اننگز کھیلنے کا اعزاز حاصل کیا۔ ایک سکور کے فرق سے وہ احمد شہزاد اور محمد حفیظ کا زمبابوے کے خلاف 143 رنز کا پہلی وکٹ کے بہترین سکور کا ریکارڈ نہ توڑ سکے۔ 142 کے سکور پر پاکستان کی پہلی وکٹ احمد شہزاد کی گری، انہوں نے 39 گیندوں پر 6 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 54 رنز سکور کئے۔ احمد شہزاد کی ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میں چوتھی نصف سنچری تھی۔ ساتھی کھلاڑی کے آوٹ ہونے کے فوری بعد مختار احمد بھی بڑی شاٹ کھیلنے کی کوشش میں 83 کی انفرادی اننگز پر کیچ آوٹ ہو کر پویلین لوٹ گئے۔ انہوں نے 45 گیندوں کا سامنا کیا جس میں 12 چوکے اور تین چھکے لگائے۔پاکستان کی تیسری وکٹ حفیظ کی گری انہوں نے 12 رنز بنائے اور کریمر کی گیند پر کووینٹری کے ہاتھوں کیچ آوٹ ہو گئے۔ اس وقت پاکستان کا ٹوٹل سکور 157 رنز تھا۔ عمر اکمل میدان میں آئے انہوں نے چوکا لگا کر اپنا کھاتہ کھولا لیکن وہ اس سے آگے نہ جا سکے اور ویٹوری کی گیند پر سیبانڈا کے ہاتھوں کیچ آﺅٹ ہوگئے۔ پاکستان کی پانچویں وکٹ 169 کے سکور پر شعیب ملک کی گری، انہوں نے صرف چار رنز بنائے۔ شاہدآفریدی میدان میں آئے تو انہوں نے پہلی گیند پر بال کو باﺅنڈری لائن کے باہر پہنچا کر پاکستان کو پانچ وکٹوں سے کامیابی دلا دی۔ سرفراز 3 سکور کے ساتھ ناٹ آوٹ رہے۔ زمبابوے کی جانب سے کریمر نے دو جبکہ پینن گارا، ویٹوری اور شین ولیمز نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ اس سے قبل مہمان زمبابوے ٹیم کے کپتان چگمبورا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ چگمبورا کا فیصلہ ابتدائی اوورز میں درست ثابت ہوا جب دونوں ابتدائی اوپنرز مساکاڈزا اور سیبانڈا نے 6.5 اوورز میں اپنی ٹیم کے سکور کو 58 تک پہنچا دیا۔ اس موقع پر تین سال بعد پاکستان ٹیم کا حصہ بننے والے فاسٹ باولر محمد سمیع نے ایک ہی اوور میں دونوں اوپنرز کو اوپر تلے پویلین کی راہ دکھا کر پاکستان ٹیم کی میچ میں واپسی کو ممکن بنایا۔ سیبانڈا 13 کے انفرادی سکور پر سمیع کی گیند پر سرفراز احمد کے ہاتھوں کیچ آوٹ ہوئے۔ اگلی ہی گیند پر سمیع نے مساکاڈزا کو کلین بولڈ کر کے پویلین کی راہ دکھا دی۔ انہوں نے 27 گیندوں کا سامنا کیا جس میں 7 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 43 رنز بنا ئے۔ زمبابوے ٹیم کے جارحانہ کھیل پیش کرنے والے کوونٹری نے 7 گیندوں پر 3 چوکوں کی مدد سے 14 رنز بنائے۔ وہاب ریاض نے انہیں وکٹ کیپر سرفراز احمد کے ہاتھوں کیچ آوٹ کرا دیا۔ زمبابوے کا سکور 100 پر پہنچا تو اس موقع پر شین ولیمز شعیب ملک کو سویپ شاٹ کھیلنے کی کوشش میں وہاب ریاض کو اپنا کیچ دے بیٹھے۔ شین ولیمز نے 16 رنز بنائے۔ پاکستانی نژاد زمبابوین کھلاڑی سکندر رضا اپنے کپتان چگمبورا کا ساتھ دینے کیلئے میدان میں آئے۔ انہوں نے ایک چھکے اور ایک چوکے کی مدد سے 17 رنز بنائے۔ انہیں سمیع نے احمد شہزاد کے ہاتھوں کیچ آوٹ کرایا۔ پانچ وکٹیں گرنے کے بعد زمبابوین کپتان چگمبورا نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے گراونڈ کی چاروں جانب شاٹ کھیلے، انہوں نے 35 بال پر 8 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 54 رنز بنائے۔ یہ چگمبورا کی انٹرنیشنل ٹی ٹونٹی میں کیرئر کی دوسری جبکہ پاکستان کے خلاف پہلی نصف سنچری بنائی۔ انہیں وہاب ریاض نے کلین بولڈ آوٹ کیا۔ اس وقت زمبابوے کا سکور 6 وکٹوں پر 168 رنز تھا۔ زمبابوے اننگز کا اختتام ہوا تو اس وقت زمبابوے کا 6 وکٹوں پر سکور 172 تھا۔ موٹومبامی 4 اور گریم کریمر 2 رنز کے ساتھ ناٹ آوٹ رہے۔ پاکستان کی جانب سے بولنگ میں محمد سمیع نے 4 اوورز میں 36 رنز دیکر تین کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔ وہاب ریاض نے 38 رنز کے عوض دو جبکہ شعیب ملک نے 12 رنز دیکر ایک وکٹ حاصل کی۔ یاد رہے کہ پاکستان میں 6 سال 2 ماہ اور 19 دن بعد انٹرنیشنل کرکٹ بحال ہوئی۔ سیریز کی افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی صدر پاکستان ممنون حسین تھے۔ ممنون حسین کی قذافی سٹیڈیم آمد کے موقع پر پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نے دیگر آفیشلز کے ساتھ انکا استقبال کیا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان ٹاس ہونے کے بعد میچ شروع ہونے سے قبل دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کا صدر پاکستان ممنون حسین سے تعارف کرایا گیا۔ انہوں نے مہمان ٹیم کے کھلاڑیوں اور آفیشلز کے ساتھ مصافحہ کرتے ہوئے پاکستان آنے پر ان کا شکریہ بھی اداکیا۔ وزیراعظم نوازشریف، وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف اور وزیراعلیٰ خیبر پی کے پرویز خٹک نے ٹی ٹونٹی میچ میں کامیابی پر قومی ٹیم کو مبارکباد دی۔ زمبابوے کرکٹ ٹیم کے کپتان ہیلٹن چگمبورا نے کہا ہے کہ پاکستان آنا بہت اچھا تجربہ ہے، گراﺅنڈ میںموجود شائقین میچ سے بہت لطف اندوز ہوئے، ہم اچھا کھیلے لیکن پاکستان کے اوپنرز نے ہم سے میچ چھین لیا۔ دونوں ٹیموں نے اچھا کھیل پیش کیا، پاکستان آنا بہت اچھا تجربہ ہے۔ پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی پر خوشی ہے، پاکستان میں کرکٹ کی واپسی کا حصہ بننے پر خوشی ہے۔ ہار جیت کھیل کا حصہ ہے، تماشائی خوب محظوظ ہوئے۔ پاکستان کے اوپنرز نے شاندار کارکردگی دکھائی،وکٹ بیٹنگ کیلئے سازگار تھی۔ اگلے میچ میں بہتر کارکردگی دکھائیں گے۔ شائقین نے بھرپور سپورٹ کیا۔ کپتان شاہد آفریدی نے کہا ہے کہ آج کا میلہ مختار احمد نے لوٹ لیا۔ مختار احمد نے بہت اچھا کھیل پیش کیا۔ نئے کھلاڑیوں کو موقع سے فائدہ اٹھانا چاہئے۔ بیٹنگ کیلئے وکٹ بہت سازگار تھی، سب نے اچھا کھیل پیش کیا۔ کراﺅڈ کا بے حد مشکور ہوں، ثابت ہوگیا پاکستانی کرکٹ سے پیار کرتے ہیں۔ آج کے میچ نے پوری دنیا کو مثبت پیغام دیا۔ پاکستانی عوام کرکٹ کی کمی محسوس کررہے تھے۔ انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کا کریڈٹ چیئرمین اور انتظامیہ کو جاتا ہے۔ مین آف دی میچ مختار احمد نے کہا کہ پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی پر خوشی ہوئی۔ زمبابوے نے بڑا ہدف دیا تھا، کرکٹ بہت تیز ہوچکی ہے۔