• news

قذافی سٹیڈیم میں میلے کا سماں، لاہور سمیت ملک بھر میں جوش، دہشت گردی کو شکست دیدی: شائقین

لاہور (سپورٹس رپورٹر+ نمائندہ سپورٹس+ سپورٹس ڈیسک+ لیڈی رپورٹر+ ایجنسیاں) کرکٹ کی رونقیں بحال ہوتے ہی لاہور سمیت ملک بھر میں میں جوش ہی جوش نظر آیا۔ پہلے ٹی ٹونٹی میچ کو دیکھنے کیلئے شائقین کڑکتی دھوپ میں کئی گھنٹے پہلے ہی قذافی سٹیڈیم کے باہر پہنچ گئے۔ ان میں خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد شامل تھی۔ کرکٹ دیوانگی سرچڑھ کے بول رہی تھی۔ ہاتھوں میں پاکستان زمبابوے کے پرچم، قومی ٹیم کی شرٹس، دھوم دھڑکا، ہلہ گْلہ، باجے، تاشے، زندہ دلان لاہور نے پُرجوش انداز میں کرکٹ بحالی کو خوش آمدید کہا۔ سکیورٹی اہلکاروں نے گراؤنڈ کی مکمل چیکنگ کی اور سو ڈیڑھ سو کی ٹولیوں کو وقفے وقفے سے اندر جانے کی اجازت دی۔ تلاشی کا یہ عمل بھی کرکٹ دیوانوں کا جوش کم نہیں کر پایا۔ قومی لباس اور رنگ برنگے ملبوسات میں موجود خواتین بھی کرکٹ جنون کا شکار تھیں۔ بچے، خواتین، لڑکیاں اور نوجوان سب ہی خوشی سے نہال تھے۔ قذافی سٹیڈیم میں میلے کا سا سماں رہا۔ رش کے باعث تل دھرنے کی جگہ نہیں تھی۔ سٹیڈیم میں گونجتے نغموں پر انکلوژر میں بیٹھے شائقین جوش وخروش کا اظہار کرتے رہے۔ انہوں نے خوش آمدید زمبابوے کے نعرے بھی لگائے۔ لاہور نے بتا دیا پاکستانی کرکٹ سے محبت کرتے ہیں اور یہ جذبہ دہشت گردی کا کوئی واقعہ کم نہیں کر سکتا۔ شائقین کا کہنا تھا ہارجیت مسئلہ نہیں، ویران میدان آباد ہونا نیک شگون ہے۔ ہم نے دہشت گردی کو شکست دیدی ہے۔ جیت پاکستان یا زمبابوے کی نہیں بلکہ کھیل کی ہوگی۔ شائقین پُرامید تھے کہ یہ سیریز بارش کا پہلا قطرہ ثابت ہوگی جس کے بعد معروف ٹیمیں بھی پاکستان کا رخ کریں گی۔ میچ کے موقعپر شائقنی پاک افواج زندہ باد اور دہشت گرد مردہ باد کے نعرے لگاتے رہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کا سہرا پاک فوج کے سر جاتا ہے اور ہم انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی پر انتہائی خوش ہیں۔ صوفی عبدالجلیل عرف چاچا کرکٹ بھی پاکستان اور زمبابوے کا میچ دیکھنے کیلئے حسب معمول بہت پُرجوش نظر آئے۔ چاچا کرکٹ قومی پرچم کا لباس پہن کر اور ہاتھوں میں ہلالی پرچم اٹھائے میچ سے قبل ہی صوبائی دارالحکومت کی سڑکوں پر اپنے پرستاروں کے جھرمٹ میں پاکستان زندہ باد، زمبابوے زندہ باد کے نعرے لگاتے نظر آئے۔

ای پیپر-دی نیشن