ملتان: نجی سکول کی چھت گرنے سے 34 بچے زخمی، 9کی حالت نازک
ملتان ( نمائندہ خصوصی ) ملتان کے علاقے بستی علی والا میں نجی سکول کی چھت گرنے سے اساتذہ سمیت چالیس کے قریب بچے ملبے تلے دب گئے۔ جنہیں ریسکیو حکام نے موقع پر پہنچ کر نکال لیا۔ تاہم زخمی ہونے والے بچوں میں سے9کی حالت نازک ہے، وزیر اعلی نے واقعہ کی رپورٹ طلب کر لی ہے۔ تفصیلات کے مطابق ہفتے کے روز ملتان کے علاقے بستی علی والا میں نجی سکول کی چھت گر گئی جس کے نتیجے میں چالیس کے قریب بچے اور اساتذہ ملبے تلے دب گئے۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو حکام موقع پر پہنچ گئے اور انہوں نے ملبے تلے دبے بچوں اور اساتذہ کو نکالا۔ ریسکیو حکام کے مطابق 34 بچے معمولی زخمی تھے جنہیں موقع پر ابتدائی طبی امداد دی گئی جبکہ شدید زخمی 15 بچوں کو نشتر ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ ہسپتال انتظامیہ کے مطابق ہسپتال لائے گئے بچوں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ وزیر اعلی شہباز شریف نے واقعہ کا فوری نوٹس لے لیا ہے دوسری جانب پولیس نے سکول کے پرنسپل کو حراست میں لے لیا ہے۔بستی علی والا میں سکول کی چھت گرنے کی اطلاع پر بچوں کے رشتہ داروں کی بڑی تعداد سکول میں جمع ہو گئی۔ انہوں نے سکول کی انتظامیہ کے خلاف نعرے لگائے اور پرنسپل کو زدوکوب کرنے کی کوشش کی۔ پولیس نے سکول کے پرنسپل اکبر نذیر کو گرفتار کر لیا اور اسے تھانے لے جانے کی کوشش کی۔ تاہم اس دوران پرنسپل کے رشتہ دار اور اس کے حمایتی بھی پہنچ گئے۔ انہوں نے پولیس کا گھیراؤ کر لیا اور ملزم کو پولیس کی تحویل سے چھڑوا لیا۔ انہوں نے پولیس اہلکاروں کو بھی یرغمال بنا لیا۔ جس پر پولیس کی مزید نفری بھی موقع پر پہنچ گئی اور پرنسپل کو دوبارہ گرفتار کر لیا گیا۔