• news

پاکستان اور زمبابوے کے درمیان دوسرا ٹی 20 میچ آج کھیلا جائے گا

لاہور (سپورٹس رپورٹر/ نمائندہ سپورٹس ) پہلے ٹی 20 میچ میں کامیابی کے بعد شاہین زمبابوے کے خلاف دوسرے اور آخری معرکے کیلئے آج اتوار کو میدان میں اتریں گے۔ میچ شام 7 بجے شروع ہوگا۔ پاکستان نے سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کررکھی ہے۔ پاکستان کو آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں اپنی 5 ویں پوزیشن برقرار رکھنے کیلئے میچ میں کامیابی حاصل کرنا ہوگی۔ سیریز برابر ہونے کی صورت میں قومی ٹیم رینکنگ میں 7ویں پوزیشن پر چلی جائیگی۔ ابھی تک دونوں ٹیموں کے درمیان 6 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے گئے اور تمام میں گرین شرٹس نے فتح حاصل کی۔ دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں احسن رضا اور شوزب رضا ایمپائرنگ کے فرائض سرانجام دیں گے۔ گرین شرٹس اور مہمان ٹیم نے گزشتہ روز پریکٹس میں خامیوں پر قابو پانے کی کوشش کی۔ دونوں ٹیموں نے پہلے ٹی 20 میچ میں جو غلطیاں ہوئیں انہیں دور کرنے کیلئے کوچز کی زیر نگرانی ٹریننگ کی۔ یہ شاہد آفریدی کی قیادت میں زمبابوے کیخلاف پاکستان کا دوسرا میچ ہے۔ وہ ٹی 20 سیریز میں کلین سویپ کرنے کیلئے پُرعزم ہیں تو دوسری جانب مہمان کھلاڑی بھی دوسرا ٹی 20 میچ جیتنے کیلئے بھرپور پریکٹس کریں گے۔ زمبابوے ٹیم کے کپتان ایلٹن چگمبرا کا دعویٰ ہے کہ زمبابوین کھلاڑی دوسرا میچ جیت کر سیریز ڈرا کریں گے۔ دوسرے میچ میں قومی ٹیم میں ایک سے دو تبدیلیوں کا امکان ہے۔ کوچ وقار یونس نے ایک روز قبل اس بات کا اشارہ دیا تھا کہ مزید باصلاحیت کھلاڑی موجود ہیں جنہیں ہوم گرائونڈ پر موقع دیا جاسکتا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن