مارک اپ میں کمی سے نجی شعبہ کو ترقی ملے گی، کاروباری برادری
لاہور (کامرس رپورٹر) کاروباری برادری نے سٹیٹ بنک کی جانب سے مارک اپ میں کمی کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے نجی شعبے کی ترقی اور معیشت کے استحکام میں مدد ملے گی۔ اپنے بیان میں لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر اعجاز اے ممتاز، ایگزیکٹو کمیٹی ممبر خواجہ خاور رشید، پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن کے چیئرمین عاصم رضا احمد، آل پاکستان انجمن تاجران کے صدر اشرف بھٹی، انجمن تاجران لاہور کے صدر مجاہد مقصودبٹ، انجمن تاجران آٹو مارکیٹ بادامی باغ کے صدر وقار اے میاں، انجمن تاجران منٹگمری روڈ کے صدر اعجاز بٹ، جنرل سیکرٹری وقار اور لوہا مارکیٹ بادامی باغ کے تاجر فاروق عاقل نے کہا ہے کہ گورنر سٹیٹ بنک مبارکباد کے مستحق ہیں جنہوں نے نجی شعبے کا مطالبہ تسلیم کیا۔ موجودہ حالات میں کاروباری برادری کو سستے قرضوں کی اشد ضرورت تھی۔ مارک اپ کی شرح میں کمی سے معاشی مسائل کم ہوں گے نہ صرف مقامی سرمایہ کاری بڑھے گی بلکہ غیرملکی سرمایہ کاروں کا اعتماد بھی بحال ہوگا وہ نئے منصوبوں میں سرمایہ کاری کریں گے۔ مارک اپ ریٹ میں کمی کا صحیح فائدہ حاصل کرنے کیلئے توانائی کا بحران اور دیگر مسائل حل کرنا ہوں گے۔ اگر ان مسائل کے حل پر توجہ نہ دی گئی تو مارک اپ ریٹ میں کمی سے معیشت کو کوئی فائدہ نہیں ہوگا بلکہ معاشی مشکلات بڑھتی رہیں گی۔ انہوں نے گورنر سٹیٹ بنک پر زور دیا کہ وہ معیشت سے متعلقہ بنکنگ پالیسوں پر نظرثانی کریں اور نجی شعبے کو زیادہ سے زیادہ سہولیات دیں جو انجن آف گروتھ ہے۔