• news

لیگی دھڑوں کا اتحاد، مشرف کا غوث علی شاہ سے رابطہ، چٹھہ کو فون کی اطلاعات

لاہور (فرخ سعید خواجہ) مسلم لیگی دھڑوں کے اتحاد کے سلسلے میں پرویز مشرف نے مسلم لیگ (ن) کے بانی سینئر نائب صدر غوث علی شاہ سے بھی رابطہ قائم کرلیا۔ یہ اطلاعات بھی ہیں کہ پرویز مشرف نے مسلم لیگ (ج) کے سرپرست حامد ناصر چٹھہ سے بھی ٹیلیفونک رابطہ کیا ہے۔ مسلم لیگ ضیا الحق کے سربراہ اعجازالحق کی جانب سے مسلم لیگی دھڑوں کو اکٹھا کرنے کی مخالفت کے بعد مسلم لیگ قیوم کے سربراہ امان اللہ خان اور مسلم لیگ قاسم کے سیف اللہ سیف نے بھی پرویز مشرف کے ساتھ کسی بھی قسم کا اشتراک عمل کرنے سے انکار کر دیا ہے۔ اس صورت حال کے بارے میں پرویز مشرف نے (ق) لیگ کے سربراہ چودھری شجاعت حسین اور مسلم لیگ فنکشنل کے سربراہ پیر پگاڑا سے تبادلہ خیال کیا۔ ذرائع نے بتایا شجاعت حسین نے پرویز مشرف کو مشورہ دیا ہے کہ مسلم لیگی دھڑوں کو ایک پلیٹ فارم پر لانے کی بجائے ہمیں وسیع تر قومی اتحاد قائم کرنا چاہئے اور تحریک انصاف، جماعت اسلامی جمعیت علمائے پاکستان سمیت دیگر اہم جماعتوں سے رابطہ کرنے چاہئیں۔ ذرائع کے مطابق پرویز مشرف اور چودھری شجاعت میں اس بات پر اتفاق رائے ہو گیا ہے کہ چاروں صوبوں کی اہم جماعتوں کو وسیع تر اتحاد میں شامل کرنے کے لئے ان سے رابطے کئے جائیں۔ مسلم لیگ ن کے مرکزی سینئر نائب صدر و بانی رہنما غوث علی شاہ نے نوائے وقت کو بتایا ان کے ساتھ مشرف، شجاعت، پگاڑہ نے رابطہ کیا ہے۔ جب ان سے پوچھا گیا مسلم لیگی دھڑوں کے ایک پلیٹ فارم پلیٹ فارم پر اکھٹا ہونے یا وسیع تر قومی اتحاد کے کیا امکانات میں تو انہوں نے جوابدیا کہ میں لاہور آ رہا ہوں۔ یہاں میری حامد ناصر چٹھہ اور چودھری شجاعت سے ملاقات ہوگی۔ ذرائع نے بتایا غوث علی شاہ آج بروز اتوار کو لاہور پہنچیں گے اور شام کو حامد ناصر چٹھہ سے ملاقات کرینگے اور عشائیہ پر اکٹھے ہونگے جبکہ کل بروز سوموار چودھری شجاعت سے ملاقات کرینگے اور انکے ساتھ کھانا کھائیں گے۔ شجاعت حسین کے قریبی ذرائع نے تصدیق کی ہے۔ چودھری شجاعت کی وسیع تر قومی اتحاد قائم کرنے کی تجویز کو پرویز مشرف اور پیر پگاڑا نے منظور کر لیا ہے اور اس جانب سے پیشرفت کی جا رہی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن