سی ایس ایس میں 12 ویں پوزیشن لی، میرٹ پر پوسٹ نہیں ملی جھنگ کے نابینا فیصل مجید کا انٹرویو
جھنگ (محمد شہباز تبسم) سی ایس ایس کے امتحان میں بارہویں پوزیشن حاصل کرکے علاقہ کا نام روشن کرنے والے فیصل مجید جھنگ کے علاقہ موضع چیلہ میں پیدا ہوئے۔ والد علاقہ میں معلم تھے۔ ابتدائی تعلیم گورنمنٹ ہائی سکول موضع چیلہ میں حاصل کی۔ پڑھائی کیلئے اپنے دوستوں اور رشتہ داروں کا سہارا لینا پڑا جو انہیں پڑھ کر یاد کراتے تھے ۔ 2002ء میں گورنمنٹ پوسٹ گرایجویٹ کالج جھنگ سے انٹرمیڈیٹ اور 2004میں اسی ادارے سے بی اے کا امتحان اعلیٰ نمبروں سے پاس کیا ۔ بی ایڈ اور ایم ایڈ کی ڈگریاں علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی سے حاصل کیں۔ گورنمنٹ کالج یونیورسٹی فیصل آباد سے ایم اے انگریزی میں ٹاپ کیا اور گولڈ میڈل حاصل کیا اور اسی ادارے سے انگلش لٹریچر میں ایم فل کی ڈگری حاصل کی۔ 2014ء میںسی ایس ایس کے امتحان میں حصہ لیا اور پورے پاکستان میں جنرل میرٹ میں 12ویں پوزیشن حاصل کی جو بصارت سے محروم طالب علم کیلئے اعزاز کی بات ہے ۔آج کل گورنمنٹ سکینڈری سکول فار سپیشل ایجوکیشن فیصل آباد اور گورنمنٹ کالج یونیورسٹی فیصل آباد میں ایم اے اور ایم فل کی کلاسز پڑھا رہے ہیں۔ایک سوال پر ان کا کہنا تھا میں نے اپنی محرومی کومجبوری نہیں بننے دیا۔ مجھے ہر موڑ پر اچھے دوست ملے جنہوں نے میری مدد کی ۔میری خواہش ہے میں پی ایچ ڈی کروں۔ انہوں نے کہا میرٹ کے حساب سے مجھے بڑے ادارے میں پوسٹ ملنی چاہئے تھی لیکن مجھے حکومت نے طبی بنیادوں پر ناہل قرار دیکر وزارت اطلاعات و نشریات میں پوسٹ دی ہے۔ ایک سال لاہور اور اسلام آباد ٹریننگ کے بعد میں جوائن کرونگا۔ انہوں نے کہا میرا شوق تحقیق، تصنیف اور تالیف ہے جو میرا اوڑنا بچھونا ہے۔ میری خواہش ہے میں اپنے علاقے کے لوگوں کی تعلیمی میدان میں خدمت کر سکوں۔ طالب علموں کیلئے نصیحت ہے جب انسان کے سامنے واضح منزل ہوتی ہے تو پھر انسان کی قوت ارادی خودبخود اسے پروان چڑھاتی ہے۔ سخت محنت کے علاوہ کوئی چارہ نہیں دنیا میں وہی قومیں ترقی کرتی ہیں جو علم کو تھامتی ہیں۔ آخر میں انہوں نے علامہ اقبال ؒ کے اس شعر پر اپنی بات ختم کی۔