ہری پور: سکول یونیفارم میں ملبوس 9 سالہ لڑکی کی بوری بند نعش برآمد
ہری پور (آن لائن) ہری پور کے علاقے سری کوٹ سے 9 سالہ طالبہ کی یونیفارم میں ملبوس بوری بند نعش ملی ہے۔ پولیس نے والدین کی تلاش شروع کر دی ہے۔ نعش کو قبضے میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لئے ہسپتال منتقل کر دیا ہے اور مقتولہ کے والدین کی تلاش شروع کر دی ہے۔ واقعہ کے بعد علاقے بھر میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ہفتہ کے روز ہری پور کے علاقے سری کوٹ میں سکول یونیفارم میں ملبوس ایک 9 سالہ طالبہ کی بوری بند نعش برآمد ہوئی ہے۔ پولیس نے نعش کو قبضے میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لئے مقامی ہسپتال منتقل کر دیا ہے اور واقعہ کے تمام محرکات کا بغور جائزہ لینا شروع کر دیا ہے۔ ہری پور پولیس نے ابتدائی طور پر مقتولہ طالبہ کے والدین کی تلاش شروع کر دی ہے جس کے ذریعے تفتیشی عمل کو آگے بڑھایا جائے گا اور واقعہ میں ملوث ملزمان تک رسائی ممکن ہو سکے گی۔