نااہل حکمرانوں کی وجہ سے پاکستان اندھیروں میں پھنسا ہوا ہے: سراج الحق
لاہور (آئی این پی) امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ سٹیٹس کو ،کی حامی قوتوں کو دیس نکالا دیئے بغیر عام آدمی کو اسکے غصب شدہ حقوق نہیں مل سکتے، اشرافیہ ہرصورت اقتدار پر قابض رہنا چاہتے ہیں، تمام وسائل اور اداروں کو یرغمال بنا رکھا ہے۔ بجلی کی بدترین لوڈشیڈنگ نے عوام کو بے حال کررکھا ہے ، صنعتیں اور کارخانے بند پڑے ہیں، لاکھوں مزدور بے روز گار ہو چکے ہیں لیکن حکمرانوں کے کانوں پر جوں نہیں رینگ رہی۔ بلدیاتی انتخابات اسلامی اور خوشحال پاکستان کی پہلی منزل ثابت ہونگے، ملک میں آئین کی بالادستی اور میرٹ کی حکمرانی کے بغیر ظلم و جبر کا خاتمہ نہیں ہوگا۔ پاکستان کو مسائل کی دلدل میں دھکیلنے والوں سے نجات حاصل کئے بغیر چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ وہ مرکز اسلامی پشاور میں مختلف وفود سے ملاقات کے دوران گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا بھوک اور غربت کی وجہ سے لوگ خود کشیوں پر مجبور ہیں مگر ظالم سرکار نہ انہیں زندہ رہنے کا حق دیتی ہے اور نہ عزت سے مرنے کا موقع ملتا ہے۔ سینیٹرسراج الحق نے کہا کہ اقتدار پر قابض رہنے والی پارٹیوں نے ملک میں آئین و قانون کی حکمرانی قائم کرنے کے بجائے اپنی بادشاہت کو طول دیا، حکمرانوں نے ملکی وسائل کی بندر بانٹ اور قومی خزانے کی لوٹ مار سے اپنی کئی کئی نسلیں سنوار لیں۔ دنیا چاند سے آگے مریخ کی جانب محوِ سفر ہے جبکہ نااہل حکمرانوں کی وجہ سے پاکستان اندھیروں کے چنگل میں پھنسا ہوا ہے۔ بلدیاتی انتخابات میں جماعت اسلامی کے بیسیوں امیدوار اب تک بلا مقابلہ منتخب ہوچکے ہیں۔