پنجاب حکومت نے گرفتار کارکنوں کو رہا نہ کیا تو احتجاج پر مجبور ہونگے: فضل الرحمن
لاہور (سپیشل رپورٹر) اکیسویں ترمیم میں مدارس اور مذہب کے الفاظ کے خاتمے کے قریب پہنچ چکے ہیں، حکومت اور اپوزیشن جماعتیں اس ایشو پر متفق ہوچکی ہیں اور ہم اس حوالے سے ڈرافٹ بھی تیار کر چکے ہیں اور امید ہے کہ اگلے قومی اسمبلی کے سیشن میں اس حوالے سے قانون سازی بھی مکمل ہوجائیگی۔ ان خیالات کااظہار مولانا فضل الرحمن نے پارٹی رہنمائوں کے وفد سے گفتگو میں کیا، جے یوآئی لاہور کے ترجمان حافظ غضنفرعزیز نے بتایا کہ قائد جمعیۃ کا کہنا تھا کہ جمعیۃ علما ء اسلام ملک میں پرامن سیاسی اور جمہوری جدوجہد پریقین رکھتی ہے جمعیۃ علماء اسلام کے کارکنوں کو ان کی امن پسندی کے باوجود پنجاب حکومت ناجائز طور پر گرفتار کررہی ہے پنجاب حکومت کا یہ اقدام انتہائی ظالمانہ ہے ، حکومت پنجاب ہمارے ناجائز طور پر گرفتار کارکنوں کو جلد از جلد رہا کرے ورنہ ہم احتجاج پر مجبور ہونگے۔ وفد میں جے یوآئی لاہور کے نائب امیر قاری نذیر احمد ، حافظ محمد قاسم ، حافظ غضنفرعزیز ، مولانا امتیاز کشمیری،حافظ معاویہ محمود مکی، حافظ عبد الرحمن، حافظ زین العابدین بھی شامل تھے۔