• news

ساندہ: مقدس اوراق کی مبینہ بے حرمتی پر2 گروپوں میں تصادم، پتھرائو ، رینجرز طلب

لاہور (نامہ نگار) ساندہ کے علاقہ میں مقدس اوراق کی مبینہ بے حرمتی کرنے پر دو گروپوں میں تصادم اور پتھرائو سے علاقہ میدان جنگ بن گیا اور شدیدکشیدگی پھیل گئی۔ مشتعل مظاہرین نے ملزم کو گرفتار نہ کرنے پر پولیس کیخلاف شدید احتجاج کرتے ہوئے پولیس پر پتھرائو کیا جس سے ڈی آئی جی آپریشنز لاہور ڈاکٹر حیدر اشرف اور ایس پی ہیڈ کوارٹر عمر سعید سمیت 6 افسران واہلکار زخمی ہو گئے جن کو ہسپتال پہنچا دیا گیا ہے۔ اطلاع ملنے پر پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی، رات گئے پولیس نے ملزم کو گرفتار کرلیا جس کے باعث علاقے میں حالات پرامن ہو گئے۔ بتایا جاتا ہے ساندہ کے علاقے مدینہ کالونی میں بجلی کے کھمبوں پر لگے ڈبوں سے مقدس اوراق نکال کر کرسچین کالونی کا رہائشی سینٹری ورکر ہمایوں فیصل مبینہ طور پر بے حرمتی کررہا تھا کہ اس دوران وہاں سے گزرنے والے چند افراد نے اسکو یہ حرکت کرتے دیکھ کر پکڑنے کی کوشش کی جس پر ہمایوں فیصل وہاں سے فرا ر ہو کر اپنی آبادی میں گھس گیا۔ واقعہ کی اطلاع ملنے پر بڑی تعداد میں لوگ اکٹھے ہو گئے اور سینکڑوں مشتعل مظاہرین نعرے بازی کرتے ہوئے کرسچین کالونی کی طرف بڑھنے لگے جس پر وہاں دونوں گروپوں میں پتھراؤ ہوا۔ کرسچین کالونی کے رہائشی افراد اپنے گھروں سے نکل کر فرار ہو گئے۔ خبر جنگل میں آگ کی طرح پھیل گئی، ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر حیدر اشرف، ایس پی ہیڈ کوارٹر عمر سعید سمیت دیگر افسر اور اہلکاروں کی بڑی تعداد موقع پر جمع ہو گئی۔ پولیس نے مظاہرین سے مذاکرات کرکے انکو پرامن رہنے کی اپیل کی مگر مظاہرین نے پولیس کی ایک نہ سنی۔ علاقہ میںبڑھتی ہوئی کشیدگی دیکھ کر رینجرز کو بھی طلب کرلیا گیا۔ رینجرز اہلکاروں نے علاقے میں پہنچ کر پوزیشنیں سنبھال لیں جبکہ پولیس نے رات گئے ملزم ہمایوں فیصل کو گرفتار کرکے حوالات میں بند کر دیا۔ پولیس نے ملزم کیخلاف زیر دفعہ 295/Bمقدمہ نمبر/15 424 درج کر لیا ہے۔ رات گئے پولیس نے متعدد افراد کو بھی حراست میں لیکر نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا۔

ای پیپر-دی نیشن