نوجوانوں کو بااختیار بنا کر ملک و قوم کی تقدیر بدل سکتے ہیں: شہباز شریف
لاہور(خبر نگار) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کی 60 فیصد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے جنہیں بااختیار بنا کر قومی معیشت کو مضبوط بنیادوں پر استوار کیا جا سکتا ہے اور ملک و قوم کی تقدیر بدلی جا سکتی ہے۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی پنجاب حکومت نے نوجوانوں کی ترقی اور انہیں بااختیار بنانے کیلئے تاریخی نوعیت کے اقدامات کئے ہیں۔ صوبے کی ترقیاتی حکمت عملی 2018 کے تحت روزگار کے 40 لاکھ نئے مواقع پیدا کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ نوجوان طبقہ ہمارا قیمتی اثاثہ ہے اور اس اثاثے سے فائدہ اٹھانے کیلئے نوجوانوں کیلئے متعدد پروگرام کامیابی سے جاری ہیں۔ اپنا روزگار شروع کرنے کیلئے نوجوانوں میں اب تک اربوں روپے کے قرضے تقسیم کئے جا چکے ہیں جبکہ ’’خود روزگار سکیم‘‘ کے تحت نوجوانوں میں 50 ہزار گاڑیوں کی شفاف انداز سے تقسیم کا عمل کامیابی سے جاری ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے ارکان قومی و صوبائی اسمبلی کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) اپنے منشور کے مطابق خدمت خلق اور عوام کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہے۔ وسائل کو قوم کی امانت سمجھتے ہوئے ایک ایک پائی ایمانداری سے عوام کی ترقی و خوشحالی کے منصوبوں پر صرف کی جا رہی ہے۔ ’’خود روزگار سکیم‘‘ ، پنجاب ایجوکیشنل انڈومنٹ فنڈ، دانش سکول، میٹرو بس سروس، آشیانہ ہائوسنگ سکیم جیسے فلاحی پروگرام، وسائل عوام کی ترقی پر خرچ کرنے کی اعلیٰ مثالیں ہیں۔ حکومت پنجاب کے بے مثال فلاحی پروگراموں سے صوبے کے غریب عوام بڑی تعداد میں مستفید ہو رہے ہیں۔ ’’خود روزگار سکیم‘‘ کے تحت نوجوانو ںمیں 50 ہزار گاڑیوں کی تقسیم کے دوسرے مرحلے کا آغاز ہو چکا ہے۔ گاڑیوں کی تقسیم کیلئے انتہائی شفاف اور صاف نظام تشکیل دیا گیا ہے۔ سکل ڈویلپمنٹ کا ایک بڑا پروگرام بھی کامیابی سے جاری ہے۔ جنوبی پنجاب سے شروع کئے گئے اس پروگرام کا دائرہ کار صوبے بھر میں پھیلایاجارہا ہے۔ اس پروگرام کے تحت اب تک ہزاروں بچوں اور بچیوں کو مختلف ہنر کی تربیت دی گئی ہے۔ ہنرمند نوجوان نہ صرف اپنے خاندانوں کی خودکفالت کا ذریعہ بنیں گے بلکہ وہ بیرون ممالک جا کر محنت کے ذریعے ملک کیلئے کثیر زر مبادلہ کما سکتے ہیں اور ملک کی معیشت کو مضبوط بنیادوں پر استوار کرنے کیلئے اپنا موثر کردار بھی ادا کریں گے۔ گزشتہ برس کے دھرنوں اور احتجاجی سیاست نے جہاں ترقی کے سفر میں رخنہ ڈالا وہاں نوجوانوں کے فلاحی پروگراموں میں بھی رکاوٹیں کھڑی کیں۔ لیکن اگر ارادے مضبوط ہوں اور خدمت خلق کا جذبہ موجود ہو تو عوام کی ترقی و خوشحالی کے راستے میں کوئی رکاوٹ حائل نہیں ہو سکتی۔ ہم نے بے مقصد دھرنوں سے قوم کے ضائع ہونے والے قیمتی وقت کی تلافی کا عزم کر رکھا ہے۔ انشااللہ محنت، محنت اور صرف محنت کے ذریعے ملک و قوم کی ترقی کی منزل حاصل کریں گے۔ ملک سے غربت، جہالت، بیروزگاری اور بجلی کے اندھیرے دور کرکے ملک کو قائدؒ اور اقبالؒ کا پاکستان بنائیں گے۔ ارکان اسمبلی نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ شہبازشریف کی قیادت میں پنجاب حکومت نے صوبے کی ترقی کیلئے تاریخی نوعیت کے اقدامات کئے ہیں اور نوجوانو ںکو بااختیار بنانے کے حوالے سے بھی موثر حکمت عملی اپنائی ہے۔ وزیراعلیٰ شہباز شریف کے اقدامات بارآور ثابت ہو رہے ہیں۔ مزید برآں شہباز شریف نے ڈی آئی جی مسعود سلیم کی والدہ کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔