ریگولیٹری اتھارٹی کی اجازت: جان بچانے والی دوا کی درآمدی قیمت سے 3 گنا زیادہ پر فروخت جاری
لاہور(اقتدار گیلانی/ نیشن رپورٹ) پاکستان میں نفع کی حرص کرتے ہوئے ایک ملٹی نیشنل کمپنی کینسر کی دوائی قیمت خرید سے 3گنا زیادہ پر فروخت کررہی ہے، افسوس ناک پہلو یہ ہے کہ مریضوں پر ظلم کا یہ مظاہرہ متعلقہ وزارت کی اجازت سے کیا جا رہا ہے، ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی کی جانب سے اس دوا کو انتہائی مہنگے داموں فروخت کی اجازت کے بعد اس عمل کو غیر قانونی بھی نہیں کیا جا سکتا، ذرائع کے مطابق گردے، دماغ، پھیپھڑے کے کینسر کے علاج کیلئے استعمال ہونے والی Nexavar کے نام سے دوا Sora fenib کو 76,687 روپے میں درآمد کر کے 232,800 روپے میں فروخت کیا جا رہا ہے۔ یہ دوائی مقامی سطح پر نہیں بنائی جاتی اور کینسر کے مریض اسی کمپنی کی دوا خریدنے پر مجبور ہیں، یہ قیمت 15 دن کیلئے استعمال ہونے والی 60 گولیوں کی ہے، بھارت میں مقامی سطح پر بنائی جانے والی یہ دوا صرف 10 ہزار روپے میں فروخت کی جارہی ہے، فیڈرل انسپکٹر آف ڈرگ کراچی ڈاکٹر عبید علی نے انسانی جان بچانے والی اس دوا کی انتہائی مہنگے داموں فروخت کے حوالے سے وفاقی سیکرٹری سے تحقیقاتی کمیٹی بنانے کامطالبہ کیا ہے۔