مسجد میں دھماکے پر دل گرفتہ ہیں، ملوث افراد کو قرار واقعی سزا دی جائیگی: شاہ سلمان
کویت سٹی (عبدالشکور ابی حسن سے) خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے کہا ہے کہ وہ مسجد میں خودکش بم دھماکہ سے دل گرفتہ ہیں اور اس حملے میں ملوث افراد اور ان کے ہمدردوں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ سرکاری نیوز ایجنسی ایس پی اے کے مطابق شاہ سلمان نے ولی عہد محمد بن نائف کے نام ایک پیغام میں کہا ہے کہ ’’ہمیں اس تباہ کن دہشت گردانہ جارحیت سے صدمہ پہنچا ہے اور یہ جرم اسلامی اور انسانی اقدارکے منافی ہے‘‘۔ گھنائونے جرم کے منصوبہ سازوں، معاونین یا ہمدردوں کا احتساب کیا جائے گا ان کے خلاف مقدمہ چلایا جائے گا اور انہیں قرار واقعی سزا دی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب جنگجوئوں کے خلاف جنگ کو نہیں روکے گا۔ سعودی عرب کے مشرقی علاقے القطیف کی ایک مسجد میں خودکش دھماکے میں 21نمازی جمعہ کی نماز ادا ئیگی کے وقت شہید ہوگئے تھے اور داعش نے اس کی ذمہ داری قبول کرلی تھی اس سلسلے میں چھاپوں کے دروان سعودی عرب کے سکیورٹی اداروں نے 26 افراد کو حراست میں لے لیا ہے جن کا تعلق داعش تنظیم سے ہے۔