ذوالفقار مرزا اہلیہ سمیت امریکہ چلے جائینگے، معاملات طے ہوگئے، ذرائع
کراچی(نیٹ نیوز) پیپلزپارٹی کے باغی رہنما اور سابق وزیر داخلہ سندھ ڈاکٹر ذوالفقار مرزا جلد پاکستان چھوڑ دیں گے۔ سابق وزیر داخلہ سندھ کے ویزے سے متعلق تمام امور تقریباً مکمل ہو گئے۔ نجی ٹی وی نے دعویٰ کیا ہے کہ ذوالفقار مرزا اپنی اہلیہ فہمیدہ مرزا کے ساتھ کسی بھی وقت امریکہ چلے جائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ جمعرات کو امریکی قونصلیٹ میں سابق صوبائی وزیر داخلہ کا انٹرویو تھا جہاں امریکہ کیلئے انکے ویزے سے امپورٹ کئے گئے۔ ٹی وی کے مطابق ذوالفقار مرزا ہر سال چھ مہینے کے بعد چائے کی پیالی میں طوفان لانے کی کوشش کرتے ہیں، اس سے پہلے تک وہ متحدہ قومی موومنٹ کے خلاف بول رہے تھے جسے پیپلز پارٹی برداشت کرتی رہی۔ پی پی رہنما نے اب اپنی پارٹی کیخلاف بولنا شروع کردیا تھا جس کا ردعمل مقدمات کی صورت میں نظر آرہا ہے، کراچی میں پولیس کی کارروائیاں اور مرزا کے حامیوں پر تشدد اسی سلسلے کی کڑی ہے۔ دریں اثنا ذوالفقار مرزا کے خلاف مقدمات کے بعد چیئرمین پی پی بلاول بھٹو زرداری نے سندھ حکومت سے رابطہ کرلیا۔ ذرائع نے بتایا کہ بلاول بھٹو زرداری ذوالفقار مرزا کے حوالے سے تمام تر معاملات پر سندھ حکام سے مسلسل رابطے میں ہیں اور تمام تر تفصیلات ان تک پہنچائی جا رہی ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وہ فہمیدہ مرزا کی درخواست پر نوٹس لینا چاہتے ہیں تاہم ابھی اس حوالے سے انہوں نے حتمی فیصلہ نہیں کیا۔ رواں ہفتے وہ سندھ حکومت کی بریفنگ کے بعد ہی کوئی حتمی فیصلے کریں گے۔