• news

سموں کی تصدیق کے باوجود بینظیر انکم سکیم کے نام پر لوگوں کو لوٹنے کا سلسلہ جاری

اسلام آباد (آئی این پی) ملک بھر میں سموں کی تصدیق کرانے کے باوجود بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے نام پر سادہ لوح افراد کو لوٹنے کا سلسلہ بند نہ ہو سکا، لوٹنے والے ان نوسربازوں کے خلاف کارروائی کرنے میں سابق اور موجودہ چیئرمین ماروی میمن بھی ناکام ہو گئیں۔ نوسرباز گروہ جو منظم انداز میں کسی بھی موبائل نمبر پر میسج بھیجتے ہیں جس پر تحریر ہوتا ہے کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی طرف سے گھر گھر سروے کے تحت آپ کا 30ہزار منظور ہوا ہے آپ کا نمبر وہاں پر درج تھا، نوسرباز میسج کسی اور نمبر سے کرتے ہیں میسج کے آخر میں لکھا ہوتا ہے، مندرجہ ذیل نمبر پر کال کریں، مذکورہ نمبر پر کال کرنے پر ایک تربیت یافتہ آدمی جو مسلسل بولتا رہتا ہے کہ آپ خوش نصیب ہیں، آپ کا انعام نکلا ہے، لہٰذا آپ اپنی کال ہولڈ رکھیں، آپ کی بات سینئر افسر سے کرائی جا رہی ہے، وہ شخص منظم انداز میں کہتا ہے ہمیں کچھ ہزار روپے ایزی لوڈ کرا دیں پھر آپ کو رقم ملے گی، بعض سادہ لوح افراد پیسوں کی لالچ اور ضرورت مند ہونے کی وجہ سے انہیں ایزی لوڈ کرا دیتے ہیں، بعد ازاں وہ نمبر آف کر دیا جاتا ہے، نوسر باز دوسرے انداز میں بھی میسج بھیجتے ہیں کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی طرف سے آپ کے 25ہزار 200روپے آئے ہیں، آپ کا نمبر بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام میں پہلے رجسٹرڈ تھا، آپ اس نمبر پر کال کریں، منظم نوسرباز گروہ مسلسل شہریوں کو مختلف حیلوں، بہانوں سے لوٹ رہا ہے، شہریوں نے حکومت اور وزارت داخلہ سے اپیل کی ہے کہ وہ ان نوسربازوں کے خلاف ٹھوس اقدامات کرے، ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے، نوسربازوں کو شہریوں کے موبائل نمبروں کی تفصیلات کیسے مل جاتی ہے انہیںکون فراہم کرتا ہے ، یہ بھی تحقیقات ہونی چاہیے۔

ای پیپر-دی نیشن