فیصل آباد میں نشئی لائن لگا کر منشیات خریدنے لگے، وزیراعلی کا نوٹس، رپورٹ طلب
فیصل آباد+ لاہور (نوائے وقت رپورٹ+ خبرنگار) فیصل آباد میں نشئی لائن لگا کرمنشیات خریدنے لگے۔ نجی ٹی وی پر منشیات کی کھلے عام فروخت کی خبر نشر ہونے پر وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے نوٹس لے لیا اور آر پی او سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ فیصل آباد میں موت کے سوداگروں نے ڈیرے لگالئے اور بیوپاریوں نے گلی گلی، محلے محلے، منڈیاں سجالیں، منشیات بیچنے والے بغیر کسی خوف کے اپنی دکان چلا رہے ہیں۔ نئی لائنیں لگا کر منشیات خرید رہے ہیں۔ علاوہ ازیں شہبازشریف نے فیصل آباد کے بعض علاقوں میں سرعام منشیات فروشی کے حوالے سے خبر کا نوٹس لیتے ہوئے آرپی او فیصل آباد سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ منشیات فروشی کے دھندے میں ملوث عناصر کیخلاف بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے۔ منشیات فروخت کرنے والے عناصر نئی نسل کو تباہ کر رہے ہیں اور یہ کسی رعایت کے مستحق نہیں۔