• news
  • image
  • text

ملتان : ترقیاتی کاموں سے جنوبی پنجاب میں احساس محرومی ختم ہوا: گورنر پنجاب

ملتان (اے پی پی+رضیہ بیگ) گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا ہے کہ جنوبی پنجاب کی ترقی کیلئے شروع کئے گئے مختلف ترقیاتی منصوبوں کے نتیجے میں خطے میں احساس محرومی ختم ہوا۔ وہ نومنتخب رکن پنجاب اسمبلی رانا محمودالحسن کی رہائش گاہ پر اخبارنویسوں سے بات چیت کررہے تھے۔ انہوں نے کہاکہ مختلف ترقیاتی منصوبوں سے متعلق فائلیں اپنے ساتھ لیکر آئے ہیں اور میں سول سیکرٹریٹ لاہور میں ان منصوبوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ بھی لے کرآیا ہوں۔ انہوںنے کہاکہ یہ ترقیاتی کام ارکان پارلیمنٹ کی مشاورت سے کیا جائے گا۔ انہوںنے کہاکہ تعلیم،صحت ،سیوریج اور مواصلات کی ترقی میری ترجیحات میں شامل ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہبازشریف نے ان ترقیاتی کاموں کے سلسلے میں بھرپور تعاون کایقین دلایا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں گورنررفیق رجوانہ نے کہاکہ کرکٹ میچوں سے پاکستان کا امیج بہتر ہو رہا ہے اور اُمید ہے کہ مستقبل میں غیرملکی ٹیمیں پاکستان کا دورہ کرتی رہیں گی۔اس موقع پر گورنرپنجاب نے رانا محمود الحسن کو ان کی کامیابی پر مبارکباد دی۔ گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے جنوبی پنجاب کی خواتین کی ترقی کے بارے نوائے وقت سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہماری خواتین پارلیمنٹ‘ لوکل اسمبلی کنٹونمنٹ بورڈ کے بعد مخصوص نشستوں پر بھی نمائندگی کر رہی ہیں۔ ملکی دھارے میں بھرپور شمولیت کے لئے خواتین کو جنرل نشستوں پر بھی انتخاب میں حصہ لینا چاہئے ہماری کوشش ہے کہ خواتین کو معاشرے کا فعال رکن بنانے کے لئے ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائیں۔ انہوں نے کہا دیہی علاقوں اور یونین کونسلوں میں بچیوں کے سکول بنائے گئے ہیں۔ خواتین کی ذمے داری ہے کہ وہ اپنی بچیوں کو سکول بھجوائیں ملک کا مستقبل روشن کرنے اور ملکی ترقی میں خواتین کا کردار بہت اہمیت کا حامل ہے۔ پنجاب حکومت نے خواتین کو تحفظ دینے کے لئے خواتین کو وراثتی جائیداد سے حصہ دلوانے اور ملازمت کے مقامات پر ہراساں کرنے والوں کے خلاف قانون بنایا ہے۔

epaper
ملتان:گورنر پنجاب رفیق رجوانہ رکن صوبائی اسمبلی رانا محمود الحسن کے گھر پر صحافیوں سے گفتگو کر رہے ہیں

ای پیپر-دی نیشن