• news

پاکستان اور زمبابوے کے درمیان پہلا ون ڈے میچ آج کھیلا جائیگا

لاہور (سپورٹس رپورٹر/ نمائندہ سپورٹس) پاکستان اور زمبابوے کی ٹیموں کے درمیان تین ایک روزہ میچوں کی سیریز کا آغاز آج سے قذافی سٹیڈیم میں ہوگا۔ ون ڈے سیریز میں میچ شروع کرنے کا ٹائم پہلے 2 بجے شیڈول کیا گیا تھا لیکن سخت گرمی کے باعث اس میں تبدیلی کرتے ہوئے میچ کے آغاز کا وقت 4 بجے مقرر کر دیا گیا ہے۔ سیریز کے باقی دو میچ بھی اب 4 بجے ہی شروع ہونگے۔ دونوں ٹیموں کے کپتانوں نے جیت کے دعوے کئے ہیں۔ گذشتہ روز ون ڈے سیریز کی ٹرافی کی تقریب رونمائی کے موقع پر پریس کانفرنس میں پاکستان ٹیم کے کپتان اظہر علی کا کہنا تھا کہ ٹی ٹونٹی کی طرح ون ڈے سیریز میں بھی کامیابی حاصل کرنے کی کوشش کریں گے۔ بنگلہ دیش کے خلاف سیریز میں جو کچھ ہوا اسے بھول کر میدان میں اتریں گے۔ ٹیم میں ہر کھلاڑی کو اپنی ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ ہماری ٹیم زمبابوے کے مقابلے میں تجربہ کار ہے اور ہمیں عالمی درجہ بندی میں اپنی اہمیت بنانے کے لیے یہ سیریز جیتنا بہت ضروری ہے اس لئے پوری کوشش کریں گے کہ مہمان ٹیم کو سیریز میں کلین سویپ کریں۔ پاکستان میں کرکٹ کی بحالی کا کریڈٹ پی سی بی کو جاتا ہے، اپنی سرزمین اور شائقین کے سامنے پہلی بار کھیلوںگا جو میرے کے لیے بڑی خوشی کی بات ہے۔ زمبابوین کرکٹ ٹیم کے کپتان چگمبورا نے کہا ہے کہ پاکستان میں سکیورٹی کا کوئی مسئلہ نہیں ، ہم پاکستان میں ٹیسٹ بھی کھیلنے کو تیار ہیں۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے زمبابوین کپتان کا کہنا تھاکہ ٹی ٹونٹی سیریز میں بلے بازوں نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا لیکن باولنگ اور فیلڈنگ میں ناقص کارکردگی ان کی شکست کا سبب بنی ۔ انہوں نے ون ڈے سیریز میں پاکستان کو شکست دینے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ٹی ٹونٹی سیریز کی غلطیاں نہیں دہرائیںگے۔ انہوں نے کہا پاکستان میں کرکٹ اور مہمان نوازی سے خوب لطف اندوز ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ زمبابوے کی ٹیسٹ ٹیم کے ساتھیوں کی خواہش ہے کہ وہ بھی پاکستان میں جا کر کھیلیں۔ علاوہ ازیں آج پہلے ون ڈے میچ میں امپائرنگ کے فرائض علیم ڈار اور زمبابوے سے تعلق رکھنے والے سل ٹفن انجام دیں گے جبکہ ٹی وی امپائر احمد شہاب، چوتھے امپائر شوزیب رضا، میچ ریفری اظہر خان اور سکورر حمید اظہر ہوں گے۔

ای پیپر-دی نیشن