پاکستان اور زمبابوے کے درمیان 48 ایک روزہ انٹرنیشنل میچ کھیلے جا چکے ہیں
لاہور(سپورٹس رپورٹر/ نمائندہ سپورٹس) پاکستان اور زمبابوے کے درمیان اب تک 48 ایک روزہ انٹرنیشنل میچز کھیلے جا چکے ہیں جن میں سے 43 میچز میں پاکستان جبکہ تین میں زمبابوے نے کامیابی حاصل کر رکھی ہے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان ایک میچ ٹائی ہوا جبکہ ایک میچ بغیر کسی فیصلے کے ختم ہوا۔ قذافی سٹیڈیم لاہور چھ سال اور چار ماہ کے بعد آج منگل کے روز پاکستان اور زمبابوے کے مابین ون ڈے انٹرنیشنل میچ کی میزبانی کرے گا۔ یہاں پر پہلا ون ڈے انٹرنیشنل پاکستان اور انگلینڈ کے مابین 13جنوری 1978کو کھیلا گیا تھا جو کہ پاکستان نے 36رنز سے جیتا تھا جبکہ آخری ون ڈے میچ 24جنوری 2009کو سری لنکا کی ٹیم کے خلاف کھیلا گیا تھا جو کہ سری لنکا نے 234رنز سے جیتا تھا اس میچ کی شکست کے بعد شعیب ملک کو قومی ٹیم کی قیادت سے ہٹا دیا گیا تھا۔