• news

مقبوضہ کشمیر: مجاہدین کے حملے،4 بھارتی فوجی، موبائل فون کمپنی کا ملازم ہلاک، پاکستانی پرچم لہرانے والوں کیخلاف کریک ڈائون

سرینگر (کے پی آئی+ بی بی سی+ اے ایف پی) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج نے پاکستانی پرچم لہرانے والوں کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاون شروع کردیا ہے اس دوران بیسیوں افراد کی گرفتاری عمل میں لائی گئی ہے، بھارتی فوجی افسر نے الزام لگایا پاکستان سے آنیوالے 7حملہ آوروں نے فائرنگ کرکے 3فوجی ہلاک، ایک کو زخمی کر دیا، جھڑپ میں ایک حملہ آور بھی مارا گیا، گشت پر مامور اہلکاروں پر فائرنگ سے ایک اہلکار، جوابی فائرنگ میں حملہ آور ہلاک ہو گیا۔ سرینگر اور وادی کے دیگر مقامات پر پاکستان کے سبز ہلالی پرچم لہرانے والوں کے خلاف چھاپے مارے گئے۔ پولیس کے ایک سینئر افسر کے مطابق گذشتہ دنوں خاص کر نوہٹہ علاقے میں پاکستانی پرچم لہرانے والوں کی ویڈیو حاصل کرلی گئی ہے اور دوسو سے زائد پرچم لہرانے والو ں کی شناخت کرلی گئی اور ان افراد کی گرفتاریاں شروع کردی گئیں ہیں نوہٹہ میں کریک ڈاون شروع کرتے ہوئے کئی نوجوانوں کو گرفتار کرلیا ہے ، سرینگر کے علاوہ صفاکدل ، صراف کدل ، عیدگاہ ، نواکدل ،گوجوارہ اور اس کے ملحقہ علاقو ں میں چھاپہ مار کارروائیوں کے دوران درجنوں نوجوانوں کو گرفتارکرکے پولیس تھانوں میں منتقل کیا گیا ہے ۔ ان گرفتاریوں کے خلاف کئی علاقوں میں احتجاجی مظاہرے بھی کئے گئے۔ دریں اثناء کل جماعتی حریت کانفرنس (گ) نے پلہالن پٹن میں بھارتی قابض فورسزکے 16سالہ طالب علم پر بہیمانہ تشدد کے نتیجے میں بصارت سے محروم ہونے کے خطرے پر اپنی گہری تشویش اور فکرمندی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی سکیورٹی فورسزحقوق تنظیموں کی مخالفت کے باوجود عوامی مظاہروں کو منتشر کرنے کے لیے مہلک ہتھیاروں کا بے دریغ استعمال کرتی رہی ہے۔ اسطرح کے ہتھیاروں کا عام شہریوں کیخلاف استعمال جنگی جرائم کے زمرے میں شامل ہے۔ ترجمان نے کہا کہ جموں کشمیر میں کالا قانون افسپا اور ڈسٹربڈ ائیریا ایکٹ جیسے کالے قوانین نافذ ہیں۔ افسپاکشمیری عوام کو قتل کرنے کا ایک رجسٹرڈ لائسنس ہے جو بھارتی فورسز کو حاصل ہے اور اس کی آڑ میں وہ کچھ بھی کریں۔ ادھر سوپور میں بھارتی حکومت کی نگرانی میں کام کرنیوالی سرکاری ٹیلی کام کمپنی بی ایس این ایل کے دفتر میں گھس کر مسلح افراد نے فائرنگ کردی۔ ایک ملازم ہندواڑہ کا رہائشی رفیق جاں بحق اور 3زخمی ہو گئے۔

ای پیپر-دی نیشن