افغانستان: صوبائی کونسل کی عمارت پر خودکش حملہ، سڑک کنارے بم دھماکہ،11 افراد ہلاک،73 زخمی
قندھار (نیٹ نیوز، آئی این پی، اے ایف پی) ٹرک سے کئے گئے خودکش حملے اور ایک سڑک کنارے نصب بم پھٹنے سے افغانستان میں 11 افراد ہلاک جبکہ 74 دیگر زخمی ہو گئے۔ حکام کے مطابق ملک کے مغربی حصے میں طالبان اور داعش کے حامیوں کے درمیان جھڑپیں ہوئیں۔ گورنر آصف ننگ کے مطابق گذشتہ تین روز سے فرح صوبے میں طالبان داعش کے حامی جنگجوؤں کے ساتھ لڑ رہے ہیں جس کے نتیجے میں طالبان کے 10 جبکہ داعش کے 15 جنگجو مارے گئے۔ زابل صوبے کی بائی کونسل کی عمارت کے دروازے پر خودکش حملے کے نتیجے میں پانچ افراد ہلاک اور 73 زخمی ہو گئے۔ کونسل کے ڈائریکٹر عطا جان حقبیان کے مطابق زخمی ہونے والوں میں 4 افراد کونسل کے رکن ہیں جن میں دو خواتین بھی شامل ہیں۔ پولیس افسر، خواتین اور بچے بھی زخمی ہوئے ہیں۔ صوبے کے پولیس چیف میر وائس نورزئی نے بتایا کہ حملہ آوروں نے ایک چھوٹے ٹرک کا استعمال کیا جس میں تقریباً ایک ٹن دھماکہ خیز مواد نصب تھا۔ صدر اشرف غنی نے حملے کی مذمت کی ہے۔ طالبان نے ذمہ داری قبول کر لی۔ گورنر کے ترجمان کے مطابق قندھار صوبے میں ایک سڑک کنارے نصب بم پھٹ گیا جس کے باعث 6 افراد ہلاک ہوئے جبکہ طالبان نے 4خواتین سمیت داعش کے 12 جنگجوئوں کو یرغمال بنا لیا۔رواں ماہ دونوں گروپوں میں یہ دوسری لڑائی ہے۔ دوسری جانب صوبہ قندھار میں پولیس کی اندرونی لڑائی میں 5 اہلکار مارے گئے۔ ایک سکیورٹی اہلکار نے نام نہ بتانے کی شرط پر بتایا ہے کہ طالبان سے تعلق رکھنے والے پولیس اہلکاروں نے ساتھیوں پر فائرنگ کردی۔اس واقعہ کی بھی طالبان نے حملے کی ذمہ داری قبول کرلی ہے۔