عالمی پارلیمانی یونین کے سیکرٹری جنرل سے ملاقات، پاکستان میں جمہوریت مضبوط ہے: صدر ممنون
اسلام آباد ( آئی این پی) صدرمملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ پاکستان اپنی بھرپور پارلیمانی سرگرمیوں اورجمہوری اداروں کے استحکام کے ذریعے انٹر نیشنل پارلیمانی یونین سے تعلقات کو مزید وسعت دینے کا خواہشمند ہے ۔ وہ پیر کو انٹر نیشنل پارلیمانی یونین کے سیکریٹری جنرل مارٹن چنگونگ سے بات چیت کر رہے تھے جنھوں نے ایوان صدر میں ان سے ملاقات کی۔صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان اس عالمی پالیمانی ادارے کا متحرک رکن ہے اور یونین کی مختلف کمیٹیوں میں اس کی نمائندگی بھی موجود ہے تاہم ضرورت اس امر کی ہے کہ عالمی پارلیمانی یونین کے ہیڈکوارٹرمیں بھی اسے نمائندگی دی جائے۔ انہوں نے عالمی پارلیمانی ڈائیلاگ کیلئے فوکل پوائنٹ کی حیثیت سے یونین کے کردار کی تعریف کی اور کہا کہ پاکستان میں جمہوریت مضبوط ہے۔