فیروز والہ اور قصور میں 2 نوجوان اور محنت کش ڈوب کر جاں بحق
فیروز والہ + قصور (نامہ نگار ان + نمائندہ نوائے وقت) دریائے راوی میں نہاتے ہوئے نوجوان گہرے پانی میں ڈوب کر ہلاک ہوگیا۔ کوٹ عبدالمالک کا 22 سالہ محمود بن قیصر اپنے دوستوں کے ہمراہ راوی پر سیرکرنے کے لئے آیا تھا کہ اچانک اس نے نہانے کے لئے دریا میں چھلانگ لگا دی اور گہرے پانی میں ڈوب گیا۔ نعش نکالنے کے لئے ریسکیو کے عملے نے کافی جدوجہد کی مگر رات گئے تک نعش نہ مل سکی۔ نوجوان کی اطلاع پر متوفی کے گھر میں کہرام مچ گیا۔ قصور میں دو مختلف واقعات میں پندرہ سالہ لڑکااور محنت کش نہر میں ڈوب کر جاں بحق ہوگئے۔ ساندہ لاہور کا رہائشی پندر سالہ شیخ زمان جو لاہور سے مصطفی آباد شاد ی کی تقریب میں آیا ہوا تھا گزشتہ روز صبح سرحدی گائوں سرہالی کلاں کالیاں پلاں کے قریب بی آر بی نہر میں نہا رہا تھا کہ گہرے پانی میں اترکر غائب ہوگیا۔ وہاں موجود لوگوں نے ریسکیو1122کواطلاع، ریسکیو امدای ٹیم نے شیخ زمان کی نعش تین گھنٹے کی تلاش کے بعد ورثا کے حوالے کر دی جبکہ دو روز قبل راجہ جنگ نہر میں نہاتے ہوئے ڈوبنے والے چودہ سالہ حسنین کی نعش دو دن کی تلاش کے باوجود نہ مل سکی۔ گزشتہ روز ٹوبہ ٹیک سنگھ کا رہائشی حماد شفیق جو کہ رائیونڈ کے قریب ایک فیکٹری میں کام کرتا تھا اور نہانے کیلئے راجہ جنگ نہر پر آیا ہوا تھا وہ بھی حسنین کی نعش کی تلاش میں آنیوالی ریسکیو کی ٹیم کی مدد کرنے لگا اور ڈوب کر جاں بحق ہو گیا۔