اقتصادی راہداری کا روٹ بدلا تو پنجاب کیخلاف نفرتیں بڑھیں گی: عمران ‘پشاور میں تحریک انصاف اور پیپلز پارٹی کے کارکن گتھم گتھا ہوگئے
پشاور (آئی این پی) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ سیاسی مخالفین خیبر پی کے میں دھاندلی کے الزامات لگا رہے ہیں، میں انہیں بتانا چاہتا ہوں کہ اگر انہیں کسی بھی حلقے کے انتخابات پر اعتراض ہو تو کھل کر بتا دیں میں کوئی بھی حلقہ کھولنے کے لئے تیار ہوں ، بتایا جائے کہ ایک کروڑ سے زائد بیلٹ پیپرز چھاپے گئے ان کا ریکارڈ کہاں ہے اوراتنے بیلٹ پیپرز کہاں استعمال ہوئے۔ وہ پولیس لائن میں فائرنگ سکواڈ اور سپیشل کمبٹ فورس اور تھانہ گلبرگ میں ڈی آر سی جیوری سسٹم کے معائنہ کے بعد صحافیوں سے بات چیت کر رہے تھے۔ عمران خان نے کہا کہ خیبر پی کے پولیس کو سیاسی عمل دخل سے آزاد کر دیا ہے۔کل سے پشاور ،مردان اور نوشہرہ میں جلسے کروں گا۔ وفاقی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہوں نے کہاکہ دو سال سے وفاقی اور چائنہ حکومت کے مابین اقتصادی راہداری کی بات چیت چل رہی ہے لیکن ابھی تک معلو م نہیں کہ کونسا روٹ بن رہا ہے اس حوالے سے اے پی سی دو سال پہلے ہی کرلیتے تو آج سب کچھ صاف اور واضح ہوتا۔قبل ازیں عمران خان نے دوران پور پشاور میں مقامی امداد سے تعمیر ہونے والے پرائمری سکول کا معائنہ کیا۔ عمران خان نے کہا ہے کہ پاک چائنہ اقتصادی راہداری سے وفاق مضبوط ہو گا۔ روٹ تبدیل کیا گیا تو پنجاب کے خلاف نفرتیں بڑھیں گی۔ کاشغر روٹ تبدیل کیا گیا تو اس سے وفاق کمزور ہو گا جس کا نقصان صر ف اور صرف پاکستان کو ہوگا جبکہ روٹ کی تبدیلی سے چھوٹے صوبوں میں احساس محرومی بڑھے گا۔ انہوں نے کہا شریفوں کو پنجاب کے علاوہ کچھ نظر نہیں آتا۔ عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ جب تک وفاق صوبے کے فنڈز ریلیز نہیں کرے گا تو صوبائی حکومت کا خرچ چلانا مشکل ہو گا۔ عمران خان کے دوران پور میں گرلز پرائمری سکول کے افتتاح کرنے کے بعد پی ٹی آئی اور پیپلزپارٹی کے کارکنان آمنے سامنے آگئے، کارکنان نے ایک دوسرے کے خلاف شدید نعرے بازی کی اور گتھم گتھا ہوگئے۔ عمران خان آج نوشہرہ میں جلسہ عام سے خطاب کرینگے۔