راجن پور: ٹریک پر دھماکہ، خوشحال ایکسپریس کی 2 بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں، 2 مسافر زخمی
راجن پور + ڈی جی خان (نوائے وقت رپورٹ+ ایجنسیاں)راجن پور میں ریلوے ٹریک پر دھماکے سے خوشحال خان خٹک ایکسپریس ٹرین کی 2بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں جس کے نتیجے میں 2 مسافر زخمی ہوگئے، زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ منگل کو راجن پور کے علاقے عمر کوٹ کے قریب ریلوے ٹریک پربارودی مواد کا دھماکہ ہو گیا، جس کے باعث کراچی سے پشاور جانے والی خوشحال خان خٹک ایکسپریس کی دو بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں، جس کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہو گئے۔ پولیس کے مطابق زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جہاں پر ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔لاہور سے خصوصی رپورٹر کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے راجن پور میں عمر کوٹ کے قریب ریلوے ٹریک پر بم دھماکے کی مذمت کی ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ زخمیوں کو بہترین طبی امداد فراہم کی جائے۔ علاوہ ازیں کمشنر ڈی جی خان اور ڈی سی او راجن پور نے وضاحت کی ہے کہ راجن پور میں ٹرین میں دھماکہ نہیں ہوا، ٹرین کی دو بوگیاں تکنیکی خرابی کے باعث پٹڑی سے اتر گئی تھیں۔ واقعہ بنگلہ ہدایت تحصیل روجھان میں پیش آیا، کوئی شخص زخمی نہیں ہوا۔ اسسٹنٹ کمشنر روجھان اور دیگر انتظامی عملے نے موقع پر امدادی کارروائیوں میں حصہ لیا۔ نجی ٹی وی کے مطابق خوشحال خان ٹرین کی بوگیاں پٹڑی سے اتر گئی تھیں۔ وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے تحقیقات کا حکم دیا ہے۔ تحقیقاتی کمیٹی تین روز میں رپورٹ دے گی۔