• news

نجم السعید کی کرکٹ سکورنگ میں نصف سنچری مکمل ہو گئی

لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ کے انٹرنیشنل سکورر نجم السعید کی سکورننگ میں نصف سنچری مکمل ہو گئی۔ نجم السعید نے یہ اعزاز گذشتہ روز پاکستان اور زمبابوے کی ٹیموں کے درمیان تین ایک روزہ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں حاصل کیا۔ نجم السعید نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ میرا بطور سکورر پہلا انٹرنیشنل میچ یکم نومبر کو قذافی سٹیڈیم لاہور میں زمبابوے کے ہی خلاف تھا جبکہ نصف سنچری کرنے کا اعزاز بھی اسی ٹیم کے خلاف کھیلے جانے والے میچ میں حاصل ہوا ہے۔ مجھے فخر ہے کہ اﷲ تعالیٰ نے مجھے یہ اعزاز بخشا۔ نجم السعید جو پاکستان ریلوے میں بطور سپورٹس انسپکٹر فرائض انجام دے رہے ہیں 1996ء کے عالمی کپ ٹورنامنٹ کے فائنل میں آسٹریلیا اور سری لنکا کی ٹیموں کے میچ کی سکورننگ کرنے کا اعزاز انہیں حاصل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان 1997ء میں کھیلا جانے والے میچ میری زندگی کا یادگار میچ ہے جس میں اعجاز احمد نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 139 رنز بنا کر قومی ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ بوسان ایشین گیمز میں بطور منیجر و کوچ پاکستان ویٹ لیفٹنگ ٹیم، 2003ء کی سیف گیمز میں انٹرنیشنل ریفری بھی رہ چکا ہوں۔ اس کے علاوہ 12 سال تک پاکستان ویٹ لیفٹنگ فیڈریشن کی سلیکشن کمیٹی کابھی رکن رہا ہوں۔ نجم السعید کو دبئی میں منعقد ہونے والے انڈر 19 ورلڈ کپ کے 11 آفیشلز اور دو پریکٹس میچز کی سکورننگ کرنے کا اعزاز حاصل ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے سینئر سکوررز جن میں عبدالحمید، مسعود احمد اور اظہر حسین نے نجم السعید کو انٹرنیشنل سکوررننگ میں نصف سنچری مکمل کرنے پر مبابرکباد پیش کی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن