سکس ریڈ سنوکر چیمپئن شپ، محمد سجاد، شہرام چنگیزی کامیاب، حمزہ اکبر، محمد آصف کو شکست کا سامنا
لاہور (سپورٹس رپورٹر+ نمائندہ سپورٹس) چوتھی سکس ریڈ سنوکر چیمپئن شپ میں پاکستانی کیوئسٹسس محمد سجاد اور شہرام چنگیری نے اپنے اپنے میچز جیت لئے۔ یہ سجاد اور شہرام کی ایونٹ میں تیسری فتح ہے۔ حمزہ اکبر اور محمد آصف کو شکستوں کا سامنا کرنا پڑا۔ منگل کو ایران میں جاری چیمپئن شپ کے تیسرے روز کھیلے گئے میچ میں پاکستانی کیوئسٹ محمد سجاد نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے حریف عراقی پلیئر علی جلیل کو 2 کے مقابلے میں 5 فریمز سے شکست دے کر ایونٹ میں تیسری کامیابی سمیٹ لی۔ سجاد کی جیت کا سکور 40-0، 13-38، 37-5، 0-58، 53-20، 30-15 اور 39-0 رہا۔ ایک اور میچ میں شہرام چنگیزی نے شاندار کارکردگی کی بدولت ہم وطن کیوئسٹ حمزہ اکبر کو کانٹے دار مقابلے کے بعد 5-4 فریمز سے زیر کر کے تیسری کامیابی سمیٹی۔ یہ حمزہ اکبر کی ایونٹ میں پہلی شکست ہے۔ 4-4 سے مقابلہ برابر ہونے کے بعد نویں اور فیصلہ کن فریم میں شہرام چھائے رہے اور انہوں نے آخری سیٹ 52-8 سے جیت کر کامیابی اپنے نام کی۔ ایرانی کیوئسٹ عامر سرکوش نے پاکستان کے محمد آصف کو 5-2 فریمز سے زیر کیا۔