پونچھ راولا کوٹ بس سروس: 61 مسافروں نے کنٹرول لائن عبور کی
مظفر آباد؍جموں(اے این این)ہفتہ وار پونچھ راولاکوٹ راہِ مِلن بس سروس ہر ہفتہ کی طرح اس بار بھی پر کنٹرول لائن کے آر پار ہوگئی۔ اس بار پونچھ سے راولاکوٹ جانے والی بس سے 16افراد آزادکشمیر آئے جن میں 14مسافرپونچھ اپنے رشتہ داروں سے ملاقات کے بعد واپس اپنے وطن لوٹ گئے جبکہ2 افراد پونچھ سے آزادکشمیر میں رہنے والے رشتہ داروںسے ملاقات کیلئے آئے۔ اسی طرح آزادکشمیر سے پونچھ جانے والی بس سے 45 افراد نے کنٹرول لائن عبور کی جو سبھی پونچھ (جموں) میں رہنے والے رشتہ داروں سے ملاقات کے لئے گئے ہیں۔ مجموعی طور پر61 افراد نے کنٹرول لائن کے آر پار سفر کیا۔ مسافروں نے دوران سفر سہولیات نہ ملنے پر ناراضگی کا اظہارکرتے ہوئے دونوں حکومتوں سے اپیل کی کہ انہیں فون و دیگر سہولیات فراہم کی جائیں۔ انہوںنے کہاکہ پونچھ سپورٹس سٹیڈیم میں نہ ہی کوئی کینٹین ہے اورنہ ہی وہاں بیٹھنے کاکوئی انتظام جس کے نتیجہ میں وہ مشکلات سے دوچار ہوتے ہیں۔