قمر زمان نے نیب کے اندر احتساب کا عمل شروع کرنے کی منظوری دیدی
اسلام آباد (آئی این پی) قومی احتساب بیورو (نیب) کے چیئرمین قمر زمان چوہدری نے نیب کے اندر بھی احتساب کا عمل شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس کیلئے اندرونی احتساب کے طریقہ کار کی بھی منظوری دیدی گئی ہے جبکہ چیئرمین نے کہا ہے ادارے کیلئے بدنامی کا باعث بننے والے افسران کو برداشت نہیں کیا جائیگا۔ نیب ہیڈ کوارٹر میں ادارہ جاتی احتساب کے نظام کا جائزہ لینے کیلئے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نیب کے اندرونی احتساب کے طریقہ کار کی منظوری دی اور سینئر ممبر چیئرمین انسپکشن و مانیٹرنگ ٹیم کو ہدایت کی کہ وہ اس پر عملدرآمد کیلئے نیب کے تمام علاقائی بیوروز کو پالیسی گائیڈ لائن جاری کریں۔ چیئرمین نیب نے زور دیا کہ ادارہ جاتی احتساب کے عمل کو مذید مضبوط کیا جائے تاکہ ایسے عناصر جو ادارہ کی بدنامی کا باعث بن رہے ہیں ان کی سرکوبی کی جا سکے۔ چیئرمین نے نیب کہا نیب کو بدعنوانی کے خاتمے کا اختیار حاصل ہے بین الاقوامی آزاد ادارے ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کے ساتھ پلڈیٹ نے بھی اپنی حالیہ رپورٹس میں نیب کی کارکردگی کو سراہا ہے۔