سعودی عرب میں مزید دو افراد کے سر قلم، رواں برس تعداد 88 ہوگئی، 10 پاکستانی شامل
ریاض (بی بی سی اردو) سعودی عرب میں رواں برس سر قلم کئے جانے والے افراد کی تعداد 88 ہوگئی ہے جن میں سے دس کا تعلق پاکستان سے ہے۔ منگل کو دی جانے والی سزا کے بعد ملک میں اب تک مجموعی طور پر 2014 افراد کے سر قلم کیے گئے ہیں۔ سعودی وزارتِ داخلہ کا کہنا ہے منگل کو جن دو افراد کی سزاؤں پر عمل درآمد کیا گیا ہے، وہ سعودی شہری تھے۔ ایک پر نشہ آور ادویات کی سمگلنگ اور دوسرے پر قتل کا جرم عائد کیا گیا ہے۔ 2014 میں سعودی عرب میں 87 افراد کو سزائے موت دی گئی جبکہ رواں سال اب تک 88 افراد کا سر قلم کیا گیا ہے۔ رواں سال جن افراد کے سر قلم کیے گئے ہیں، اُن میں 8 افراد کا تعلق یمن سے ہے جبکہ پاکستان، شام، اردن کے 10، 10 افراد کو موت کی سزا دی گئی۔ ایمنسٹی انٹرنیشنل کا کہنا ہے 2014 میں سعودی عرب دنیا کے اُن پانچ ملکوں کی فہرست میں شامل ہے جہاں سب سے زیادہ سزائے موت پر عمل درآمد ہوا۔