گھریلو جھگڑوں سے دلبرداشتہ 3 خواتین سمیت 5 افراد کی خودکشی
لاہور (نامہ نگاران) متعدد واقعات میں گھریلو جھگڑوں اور ناچاقی پر 3 خواتین سمیت 5 افراد نے خودکشی کرلی۔ تفصیلات کے مطابق قصور کے علاقہ راجہ جنگ میں 65سالہ خاتون نیامت بی بی نے خاوند سے جھگڑے پر دلبرداشتہ ہو کر زہریلی گولیاں نگل لیں۔کامونکے میں والدین کے ڈانٹنے پر 22 سالہ نوجوان عثمان نے زہریلی گولیاں نگل لیں۔ علاوہ ازیں کندیاں میں چشمہ روڈ ریلوے قبرستان کی رہائشی 14 سالہ لڑکی نے گھریلو جھگڑے پر زہریلا کیمیکل پی کر خود کشی کر لی۔ چشمہ روڈ ریلوے قبرستان کے قریب محمد اسلم قریشی کی بیٹی ثمرہ بتول کا گزشتہ روز گھر میں اپنے بھائی سے معمولی جھگڑا ہوا جس سے دلبرداشتہ ہو کر اس نے گھر میں رکھا ہوا زہر پی لیا۔ اسے میانوالی ہسپتال لے جایا گیا جہاں سے ڈاکٹروں نے تشویشناک حالت کے باعث اسے راولپنڈی ریفر کر دیا لیکن وہ راستے میں دم توڑگئی۔ چنیوٹ میں جھمرہ روڈ موضع طالب کے 25 سالہ نوجوان قیصر نے گھریلو ناچاقی پر پستول سے خود کو گولی مار لی۔ مقتول کی چار ماہ قبل ہی شادی ہوئی فیصل آباد میں ستارہ کالونی پھاٹک کے قریب 20 سالہ لڑکی نے ٹرین کے آگے کود کر خودکشی کرلی۔ اسکے ورثاء کی تلاش جاری ہے۔