پنجاب میں کوئی نیا ٹیکس نہیں لگایا جائے گا، حمزہ شہباز
لاہور(کامرس رپورٹر) مسلم لیگ (ن)ٹریڈر زونگ پنجاب کے وفد نے صدر محمد علی میاں کی قیادت میں ممبر قومی اسمبلی ومرکزی رہنما مسلم لیگ ن حمزہ شہباز شریف کے ساتھ تاجروں کے مسائل کے حوالے سے خصوصی ملاقات کی۔سینئر نائب صدر خواجہ خاور رشید ،زبیر احمد جنرل سیکرٹری بھی شامل تھے ۔ٹریڈرز ونگ پنجاب کے وفدنے تاجروں کو درپیش مسائل کے حوالے سے میاں حمزہ شہباز شریف کو آگاہ کیا۔وفاقی اور صوبائی بجٹ میں تاجروں کو خصوصی مراعات دینے اور مزید ٹیکس نہ لگانے کے موضوع کو بھی زیر غور لایا گیا۔اس موقع پر میاں حمزہ شہباز شریف نے ٹریڈر زونگ پنجاب کے وفد کو تاجروں کے تمام جائز مطالبات حل کرنے کی یقین دہانی کروائی اور انہوں نے کہا کہ پنجاب میں کوئی بھی نیا ٹیکس اس سال کے بجٹ میں نہیں لگایا جا رہا ،حکومت عوام اور تاجر برادری کو درپیش مسائل سے بھر پور آگاہ ہے اور حکومت کی جانب سے ملکی کی معاشی سر گرمیوں کو فروغ دینے کیلئے بھر پور اقدامات کئے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت اور گورنر سٹیٹ بینک مبارکباد کے مستحق ہیں جنہوں نے نجی شعبے کا مطالبہ تسلیم کیا جو عرصہ دراز سے مارک اپ کی شرح میں نمایاں کمی پر زور دے رہا تھا۔