• news

لاہور، کراچی سٹاک مارکیٹ میں مندا،21 ارب روپے سے زائد خسارہ

کراچی +لاہور(مارکیٹ رپورٹر+کامرس رپورٹر)کراچی سٹاک ایکس چینج میں ایک روزہ تیزی کے بعد کاروباری ہفتے کے دوسرے روز منگل کو اتارچڑھاؤ کے بعد مند رہا اور کے ایس ای 100انڈیکس 32700اور 32600کی نفسیاتی حدوں سے گرگیا ۔ سرمایہ کاری مالیت میں21ارب42کروڑ روپے سے زائد کی کمی ہوئی ۔ٹریڈنگ کے دوران ایک موقع پر کے ایس ای 100انڈیکس 32771پوائنٹس کی بلند سطح پر بھی ریکارڈ کیا گیا ۔ماہرین سٹاک کے مطابق نئے بجٹ میں مزید ٹیکسوں کے نفاذ یا ٹیکسوں کی شرحوں میں اضافے سے متعلق سرمایہ کاروں میں پھیلنے والی اطلاعات کی وجہ سے مارکیٹ بحرانی کیفیت شکاررہی اور سرمایہ کار ان خدشات کے پیش نظر مارکیٹ میں زیادہ متحرک نظر نہیںآئے جس کی وجہ سے مارکیٹ میں مندا ہے ۔مارکیٹ کے اختتام پر کے ایس ای 100انڈیکس 196.87پوائنٹس کمی سے 32510.35 پوائنٹس پر بند ہوا ۔ سرمایہ کاری مالیت میں 21ارب42 کروڑ 79لاکھ12 ہزار335روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی جبکہ سرمایہ کاری کی مجموعی مالیت گھٹ کر 70کھرب 78 ارب6 کروڑ 91 لاکھ11 ہزار 604 روپے ہوگئی ۔دریں اثنا لاہور سٹاک ایکسچینج میں بھی مندے کا رجحان رہا۔ مجموعی طور پر 75 کمپنیوں کے حصص میں کاروبار ہوا۔ 4کمپنیوں کے حصص میں اضافہ ہوا 10کمپنیوں کے حصص میں کمی ہوئی جبکہ 61 کمپنیوں کے حصص میں استحکا م رہا۔ ایل ایس ای 25 انڈیکس6.81 پوائنٹس کی کمی کے ساتھ5496.41 بند ہوا۔ مارکیٹ میں کل6 لاکھ 29 ہزار 800 حصص کا کاروبار ہوا۔

ای پیپر-دی نیشن