ہمارے خوف سے سیکولر اور مولانا ایک، نواز، زرداری بھائی بن گئے، سب کو شکست دونگا: عمران
پشاور+ مردان+ نوشہرہ (بیورو رپورٹ+ نامہ نگاران+ نوائے وقت رپورٹ) عمران خان نے کہا ہے کہ یہ الیکشن کا سال ہے، سیکولر اور مولانا ایک ہوگئے ہیں، مرکز میں نوازشریف اور زرداری اکٹھے ہوکے بھائی بھائی بن گئے، تحریک انصاف نے دشمنوں کو بھی ایک کردیا لیکن کپتان سب کو شکست دیگا۔ پشاور میں جلسے سے خطاب میں انہوں نے کہا جوڈیشل کمشن کے فیصلے کے بعد دودھ کا دودھ پانی کا پانی ہونیوالا ہے۔ صاف شفاف الیکشن کیلئے محنت کی، ایمان ہے کہ اسی سال پاکستان میں نیا الیکشن ہوگا جس کے بعد تحریک انصاف کی حکومت آئیگی۔ قبل ازیں مردان میں جلسہ سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ سیکولر اور دینی مولانا کو پی ٹی آئی کے کارکنوں نے اکٹھا کردیا۔ عمران خان نے نوشہرہ میں بھی بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے جلسہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پی کے میں ملک کی 13 فیصد آبادی ہے جہاں بلدیاتی نمائندے 45 ہزار ہوں گے، پنجاب میں ملک کی 60 فیصد آبادی بستی ہے اور وہاں بلدیاتی نمائندوں کی تعداد صرف 35 ہزار ہوگی۔ بلدیاتی نظام آتے ہی نئے پاکستان کے خواب کی تعبیر کا سفر خیبر پی کے سے شروع ہوگا۔ نواز شریف نے پنجاب پولیس کو گلو بنا دیا ہے، عوام کو پنجاب پولیس سے خطرہ ہے۔ انکا دعویٰ تھا کہ خیبر پی کے پولیس پاکستان کی مثالی پولیس ہے جس نے سب سے زیادہ قربانیاں دیں۔ زرداری اور نوازشریف سونامی سے ڈر کر ایک ہوئے ہیں، عوامی نیشنل پارٹی نے ایزی لوڈ کی خاطر 5 سال تک بلدیاتی انتخابات نہیں کرائے ‘ انہیں معلوم تھا کہ بلدیاتی انتخابات ہوئے تو اختیارات ہاتھ سے نکل جائیں گے ‘ ہم پہلی بار ایسا بلدیاتی نظام لا رہے ہیں جس میں اختیارات گائوں کی سطح پر جائیں گے۔ کے پی کے کا احتساب سیل اب کسی کو نہیں چھوڑے گا ‘ نیا پاکستان خیبر پی کے سے شروع ہوگا، ہمارا حکومت کرنے کا پہلا تجربہ ہے ‘ معذرت چاہتا ہوں نوکریاں دینے میں دیر ہوئی۔ اسفند یار ولی خان سونامی ختم نہیں ابھی شروع ہوئی ہے۔ اے این پی سے پوچھتا ہوں کہ 5 سال تک بلدیاتی انتخابات کیوں نہیں کرائے۔ پنجاب میں بلدیاتی الیکشن کے بعد عوام آزاد نہیں ہیں وہاں کی پولیس شریفوں کی غلامی کر رہی ہے اس لئے وہاں پولیس من مانی کرتی ہے۔ میاں صاحب صرف میٹرو اور پل بنانے سے تبدیلی نہیں آتی پنجاب میں پٹواریوں کا نظام بھی بہتر نہیں ہوا۔ میاں صاحب آپ گورنر ہائوس سے باہر نکل کر دیکھیں آپ کو خیبر پی کے میں تبدیلی نظر آئے گی۔