بیلاروس کے صدر آج 2روزہ دورے پر پاکستان پہنچیں گے
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) صدر مملکت ممنون حسین کی دعوت پر بیلاروس کے صدر الیگزینڈر لوکاشینکو پاکستان کے دو روزہ دورے پر آج اسلام آباد پہنچ رہے ہیں۔ ملک کی آزادی کے بعد لوکا شینکو ہی بیلا روس کے صدر چلے آر ہے ہیں۔ پاکستان میں قیام کے دوران وہ صدر مملکت ممنون حسین اور وزیراعظم نواز شریف سے سے ملاقات کریں گے۔ دورے میں مختلف شعبوں میں کئی اہم معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط متوقع ہیں۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ بیلا روس کے صدر نے 25 اور 26 مئی کو پاکستان کا دورہ کرنا تھا لیکن والدہ کے انتقال کے باعث انہوں نے دورہ دو دن کیلئے مئوخر کر دیا۔ ان کی آمد سے پہلے سو رکنی وفد پاکستان پہنچ چکا۔ دریں اثناء وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے قومی امور عرفان صدیقی سے بیلاروس کی وزیراطلاعات انانیش لیلیا نے وزیراعظم آفس میں ملاقات کی جس میں دونوں ممالک کے درمیان میڈیا، تعلیم، ثقافت سمیت مختلف شعبہ جات میں باہمی تعاون کے فروغ پر اتفاق کیا گیا۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی عرفان صدیقی نے پاکستان کی حکومت اور عوام کی جانب سے بیلاروس کے صدر کی والدہ کے انتقال پر مہمان وزیر سے تعزیت کی اور کہاکہ ہم ان کے دکھ میں شریک ہیں۔ انہوں نے کہاکہ بیلاروس کے صدرکے دورے سے دونوں ممالک کے درمیان معیشت، اقتصادیات، تعلیم، میڈیا، سیاحت، ثقافت، انفارمیشن ٹیکنالوجی سمیت مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کے نئے امکانات پیدا ہوں گے جس سے دونوں ممالک کے عوام کو فائدہ پہنچ سکتا ہے۔