• news

وزیراعظم کی زیر صدارت آج اے پی سی ہو گی، خیبرپی کے کے بعد سندھ حکومت کے بھی اقتصادی راہداری پر تحفظات

اسلام آباد (آن لائن + نوائے وقت رپورٹ) پاکستان اور چین کے درمیان اقتصادی راہداری منصوبے پر سیاسی جماعتوں کے تحفظات دور کرنے کے لئے آل پارٹیز کانفرنس آج جمعرات کو وزیراعظم ہاؤس میں ہو گی۔ حکومت نے چاروں وزرائے اعلیٰ سمیت تمام سیاسی جماعتوں کے قائدین کو دعوت نامے ارسال کردیئے۔ صدارت وزیر اعظم نوازشریف کریں گے۔ وزیر اعظم سیاسی قائدین کے تحفظات دُور کریں گے۔ پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری اور اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ بھی آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کریں گے۔ اجلاس کے موقع پر سیاسی قائدین کی موجودگی میں وزیر اعظم نواز شریف یوم تکبیر کے حوالے سے کیک بھی کاٹیں گے۔ دریں اثناء سابق صدر آصف علی زرداری آج وزیراعظم سے ملاقات کریں گے جس میں ملکی سیاسی صورتحال پر مشاورت کی جائے گی۔ دونوں رہنمائوں میں سندھ کے معاملات پر بھی بات چیت ہوگی۔ کانفرنس میں خورشید شاہ، اعتزاز احسن اور شیری رحمان بھی شریک ہوں گے۔دریں اثنا سندھ حکومت نے بھی پاک چین کی تجارتی راہداری پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ سندھ حکومت کا موقف ہے کہ فری ٹریڈ کوریڈور میں سندھ کو نظرانداز کیا گیا۔ قائم علی شاہ آج وزیراعظم کی زیرصدارت کل جماعتی کانفرنس میں اعتراضات اٹھائیں گے۔ وزیراعلی خیبرپی کے پرویز خٹک نے کہا ہے کہ صوبے سے اکنامک کوریڈور نکلنے سے پورا ملک ترقی کرے گا۔ چاہتے ہیں کہ اکنامک کوریڈور ڈی آئی خان سے گزرے۔ 2013 سے خیبرپی کے اور بلوچستان کو اعتماد میں نہیں لیا گیا۔ آج ہونے والی اے پی سی میں اعتراض دور کر دیا تو ہمیں کوئی شکایت نہیں ہو گی۔ نقشہ دیکھا ہے سارے اکنامک زونزز مین روٹ پر بنیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن