• news

سانحہ ڈسکہ کی آڑ میں املاک کو نقصان پہنچانے والوں کیخلاف کارروائی ہو گی: پرویزرشید

اسلام آباد (آئی این پی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ کسی بھی جگہ لاقانونیت اختیار کی جائے وہ لاقانونیت ہی رہے گی، سانحہ ڈسکہ پر قانون حرکت میں آیا ہے، ذمہ دار پابند سلاسل ہے، قانون کی بالادستی اور عملدرآمد کرانے والوں سے اس ردعمل کی توقع نہیں تھی،  پاکستان چین فرینڈشپ سنٹر میں تعلیمی نمائش کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پرویز رشید نے کہا کہ اس نمائش سے تعلیم کے شعبے میں ترقی ہو گی، طلباء کیلئے مواقع پیدا ہوئے کہ وہ اپنی پسند کے تعلیمی اداروں کا انتخاب کر سکیں، تعلیم پر سرمایہ کاری کا مقصد مستقبل پر سرمایہ کاری ہے۔  سانحہ ڈسکہ افسوسناک حادثہ ہے، جس کے فوری بعد قانون حرکت میں آیا اور ذمہ دار کو قانون کے شکنجے میں لیا گیا، سب کو قانون کی پاسداری کرنی چاہیے، اس سانحے کے ردعمل میں جو انداز اختیار کیا گیا وہ قانون کی بالادستی اور عملدرآمد کرانے والوں سے بالکل مطابقت نہیں رکھتا، جب ناانصافی اور زیادتی پر قانون حرکت میں آ جائے تو عدالت کے ذریعے سزا دلانے کا موقع موجود ہے، ایسے میں قانون کو ہاتھ میں لینا اپنے ٹیکسز سے بنائے گئے اثاثوں کو نذر آتش کرنا اور دنیا کو دکھانا کہ لاقانونیت کے مرتکب ہو رہے ہیں، کسی بھی جگہ لاقانونیت اختیار کی جائے وہ لاقانونیت ہی رہے گی، اس انداز کو بدلنا ہو گا۔ یہ مناسب نہیں کہ قانون کے رکھوالے لاقانونیت کا راستہ اختیار کریں  انصاف کے حصول کیلئے لاقانونیت کا راستہ اختیار نہیں کرنا چاہیے نہ ہی کسی سانحہ کی آڑ میں سرکاری عمارتوں اور گاڑیوں کو نقصان پہنچایا جائے ہم سب کو قانون کی پاسداری کرنی چاہیے، ملک میں انصاف کیلئے عدالتیں موجود ہیں وہ آزادانہ انصاف مہیا کررہی ہیں، انصاف کے حصول کے لئے راستے متعین کردیئے گئے ہیں۔ قانون سب کیلئے برابر ہے، ملک میں لاقانونیت نہیں چلنے دیں گے،  ڈسکہ واقعہ میں جس نے قانون کو ہاتھ میں لیا ان کے خلاف سخت کارروائی ہوگی اور جنہوں نے اس سانحہ کی آڑ میں حکومتی املاک کو نقصان پہنچایا ہے ان کے خلاف بھی قانون کے مطابق کارروائی ہوگی۔
پرویز رشید

ای پیپر-دی نیشن