کاشغر گوادر روٹ تبدیل نہیں کرنے دیں گے: سراج الحق
لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ طے شدہ کاشغرگوادر روٹ کو تبدیل کیا گیا تو یہ خیبرپی کے کے عوام کے ساتھ بہت بڑی ناانصافی ہوگی، نوازشریف چاروں صوبوں کے وزیراعظم بن کر فیصلے کریں، 46 ارب ڈالرکے پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کو وفاقی حکومت متنازعہ نہ بنائے، نادرا ایک ماہ کے اندر لاکھوں بلاک شدہ شناختی کارڈ کا مسئلہ حل کر دے ورنہ بصورت دیگر عوام احتجاج پر مجبور ہونگے ، نادرا سے توقع تھی کہ وہ عوام کیلئے سہولیات پیدا کریگی لیکن الٹا اس ادارے نے عوام کے ناک میں دم کررکھا ہے۔ قیمتی پتھروںکا کاروبا ر کرنے والے ایکسپورٹرزکے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کیلئے وفاقی اور صوبائی حکومتوں اور سٹیٹ بینک کے ذمہ داران سے بات کرونگا، پشاورکی ترقی کیلئے وزارت بلدیات کی کارکردگی کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، جماعت اسلامی نے بلدیاتی انتخابات میں اہل اور دیانت دار امیدواروں کو ٹکٹ جاری کئے ہیں، عوام بلدیاتی انتخابات میں ترازو کے انتخابی نشان پر مہر لگائیں۔ 35 سال تک افغان مہاجرین کی میزبانی کرکے اب یکدم انکے ساتھ ناروا سختی اور انہیں ہراساں کرنے سے افغانستان میں پاکستانی مفادات کو نقصان پہنچے گا۔ خیبر پی کے میں بدترین لوڈشیڈنگ بند کی جائے بالخصوص رمضان المبارک میں بجلی کی بلاتعطل فراہمی کو یقینی بنایا جائے، خیبرپی کے سے نکلنے والے دریائوں پر سستی بجلی پیدا کرنے کے وسیع مواقع موجود ہیں تو پھر وفاقی حکومت مہنگی بجلی پیدا کرنے کے منصوبوں کو زیادہ توجہ کیوں دے رہی ہے۔ اجلاس سے خطاب میں انہوں نے کہا وزیراعظم کے بلائے گئے کاشغر گوادر روٹ کے حوالے سے اجلاس میں شرکت کرونگا تاہم انہوں نے واضح کیا کہ پشاور کی تاجر برادری اور عوام میں کاشغر گوادر روٹ میں تبدیلی کی خبروں سے سخت تشویش پائی جاتی ہے اور خیبر پختونخوا کے عوام کاشغرگوادر روٹ کے نقشے کو تبدیل نہیں ہونے دینگے۔