• news

بنوں: دہشت گرد ہلاک، شب قدر میں فائرنگ سے تحریک انصاف کا کارکن جاں بحق

بنوں + ٹانک + کوئٹہ + شبقدر (نوائے وقت نیوز + ایجنسیاں) بنوں میں سکیورٹی فورسز نے کارروائی کرتے ہوئے ایک دہشت گرد کو ہلاک اور 2 کو گرفتار کرلیا، گرفتار دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد ہوا ہے۔ ٹانک کے علاقے شیخ اتار میں دستی بم کے دھماکے میں 7 بچے زخمی ہوگئے جنہیں تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کردیا گیا جبکہ ایف سی نے لسبیلہ میں سرچ آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے کے بعد8 دہشت گرد گرفتار کرلئے گئے۔ شب قدر میں نامعلوم موٹر سائیکل سواروں کی فائرنگ سے تحریک انصاف کا کارکن جاں بحق ہوگیا۔ ذرائع کے مطابق سکیورٹی فورسز نے بنوں کے علاقہ جانی خیل میں خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے چھاپہ مارا اور فائرنگ کے تبادلے کے بعد ایک دہشت گرد کو ہلاک کردیا جبکہ 2 کو گرفتار کرلیا۔ گرفتار دہشت گردوں کو تفتیش کے لئے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔ ادھر شب قدر میں نامعلوم نقاب پوش موٹر سائیکل سواروں کی فائرنگ سے تحریک انصاف کے سرگرم کارکن مسلم خان جاں بحق ہوگئے، مقتول حال ہی میں سرکاری ملازمت سے ریٹائرڈ ہوئے تھے۔ میاں عیسیٰ میں چار نقاب پوش موٹرسائیکل سواروں نے پی ٹی آئی کے کارکن مسلم خان پر فائرنگ کردی اور فرار ہوگئے۔ مقتول ریٹائرمنٹ کے بعد پرائیوٹ کلینک چلا رہا تھا۔ ادھر ایف سی نے لسبیلہ میں سرچ آپریشن کرتے ہوئے فائرنگ کے تبادلے کے بعد 8 دہشت گرد گرفتار کرلئے۔ دہشت گردوں سے بھاری مقدار میں اسلحہ برآمد کرکے مزید تفتیش کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا۔ ادھر گزشتہ روز ٹانک کے مشرق میں واقع گائوں شیخ اُتار میں ایک پانی کی خوڑ میں بچے معمول کے مطابق کھیل رہے تھے جہاں انہیں ایک دستی بم نظر آیا۔ بچے ملنے والے دستی بم کو کھلونا سمجھ کر اس سے کھیل رہے تھے کہ اچانک زور دار دھما کے سے پھٹ گیا جس کی زد میں آکر موقع پر موجود سات بچے شدید زخمی ہوگئے جنہیں طبی امداد کے لئے ڈسٹرکٹ ہسپتال ٹانک منتقل کیا گیا جن میں سے دو کو تشویشناک حالت میں ڈیرہ اسماعیل خان ریفر کر دیا گیا۔ واقعہ کے بعد پولیس کی بھاری نفری نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر آس پاس ممکنہ طور پر موجود دیگر بارودی مواد کے لئے کلین اپ آپریشن شروع کر دیا۔ ادھر اسلام آباد کے علاقے گولڑہ میں سکیورٹی فورسز نے سرچ آپریشن کرتے ہوئے دو دہشت گرد گرفتار کرلئے۔ دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تحریک طالبان سے ہے، گرفتار ملزمان میں سے ایک دہشت گرد جبکہ دوسرا سہولت کار ہے۔ گرفتار دہشت گرد اسلام آباد سے معلومات اکٹھی کر کے آگے دہشت گردوں تک پہنچاتے تھے۔ دہشت گردوں سے اسلحہ برآمد کر کے مزید تفتیش کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا۔
دہشت گرد ہلاک

ای پیپر-دی نیشن