• news

مشرف غداری کیس، مزید 3 افراد کو شامل تفتیش کرنے کیخلاف اپیلوں پر سماعت کیلئے لارجر بنچ تشکیل دینے کی سفارش

اسلام آباد (خبر نگار) اسلام آباد ہائیکورٹ کے سنگل بنچ نے پرویز مشرف کے خلاف سنگین غداری کیس میں مزید تین افراد کو شامل تفتیش کرنے کے خلاف اپیلوں پر سماعت کے لئے لارجر بنچ تشکیل دینے کی سفارش کرتے ہوئے معاملہ عدالت عالیہ کے چیف جسٹس کو بھجوا دیا ہے۔21 نومبر کو خصوصی عدالت نے سابق وزیر اعظم شوکت عزیز، سابق وفاقی وزیر زاہد حامد اور جسٹس (ر) عبدالحمید ڈوگر کو بھی شامل تفتیش کرنے کا حکمنامہ جاری کیا تھا جس کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ میں اپیلیں دائر کی گئیں جن کی سماعت جسٹس اطہر من اللہ پر مشتمل سنگل بنچ نے کی۔ عدالت نے تینوں درخواست گزاروں سابق وزیراعظم شوکت عزیز، سابق چیف جسٹس عبدالحمید ڈوگر اور سابق وفاقی وزیر زاہد حامد کو گزشتہ روز بحث کے لئے طلب کیا تھا تاہم وکلاء ہڑتال کے باعث کیس کی کارروائی نہ ہو سکی۔ فاضل جج نے اپیلوں کی سماعت کے لئے لارجر بنچ تشکیل دینے کی سفارش کرتے ہوئے معاملہ چیف جسٹس محمد انور خان کاسی کو بھجوا دیا ہے۔
لارجر بنچ/ سفارش

ای پیپر-دی نیشن