پنجاب کابینہ میں توسیع آج رانا ثناء قانون، ڈاکٹر عائشہ خزانہ کی وزارت کا حلف اٹھائیں گی
لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کابینہ میں توسیع کے اپنے فیصلے پر جزوی طور پر عمل کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور آج جمعہ کو رانا ثناء اللہ خان اور ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا کو کابینہ میں شامل کیا جائے گا۔ ان دونوں سے گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ حلف لیں گے جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف بھی موجود ہوں گے۔ رانا ثناء اللہ خان کو ان کی سابق وزارتیں قانون اور بلدیات دی جارہی ہیں جبکہ ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا وزارت خزانہ کا قلمدان سنبھالیں گی تاہم دیگر امیدوارانِ وزارت کی امیدوں پر اوس پڑگئی ہے جن کو وزارت دینے کا کہا ضرور گیا لیکن ان سے حلف نہیں لیا جارہا۔ سرکاری ہینڈ آئوٹ کے مطابق کابینہ میں توسیع کا عمل دو مراحل میں مکمل کیا جائے گا۔ بجٹ سیشن کے پیش نظر پہلے مرحلے میں ضروری وزراء کی تعیناتی کی جارہی ہے۔ بجٹ سیشن کے فوراً بعد پنجاب کابینہ میں مزید توسیع کا اعلان کیا جائے گا۔
لاہور (رفیعہ ناہید اکرام) پنجاب کی پہلی نامزد خاتون وزیر خزانہ عائشہ غوث پاشا نے کہا ہے میں نے وزارت کے بارے میں کبھی نہیں سوچا تھا تاہم کچھ عرصے سے اندازہ ضرور تھا۔ پنجاب حکومت کی طرف سے ایک خاتون کو وزیر خزانہ نامزد کرنا ایک بولڈ فیصلہ ہے، اب وقت بدل رہا ہے اور اللہ کا احسان ہے ہم خواتین کو آگے بڑھنے کا موقع مل رہا ہے، فیصلے سے ظاہر ہوتا ہے اب بطور قوم ہم میچور ہوگئے ہیں۔ نوائے وقت سے خصوصی گفتگو میں انہوں نے کہا 12 جون کو صوبائی بجٹ پیش ہوگا تاہم یہ کہنا غلط ہے بجٹ سازی میں سیاستدانوںکا کوئی رول نہیں ہوتا اور بجٹ صرف بیوروکریسی بناتی ہے۔ انہوں نے کہا بیوروکریسی تو وزیراعلیٰ پنجاب و دیگر سیاستدانوںکے وژن اور ترجیحات کے مطابق ہی کام کرتی ہے۔ صوبے کی ترقی کی رفتار میں اضافہ اور روزگار کے مواقع کیلئے وسائل کی ضرورت ہے اسلئے فنانشل مینجمنٹ سسٹم اور فنانسنگ کی ڈیٹا فنکشننگ کی امپروومنٹ ترجیح ہوگی۔ بجٹ میں ویمن ایمپاورمنٹ سمیت زراعت، سوشل ڈویلپمنٹ، تعلیم، صحت و دیگر شعبوں پر فوکس کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا خواتین ارکان اسمبلی کے بارے میں یہ تاثر درست نہیں وہ صرف بیٹھنے یا کورم پورا کرنے آتی ہیں وہ باقاعدہ بچوں، خواتین اور اقلیتوںکے حوالے سے قانون سازی میں سرگرم کردار ادا کررہی ہیں تاہم بہتری کی گنجائش موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں ٹیکنوکریٹ ہوں صرف کام کرنے اور اپنے عمر بھر کے تجربے کو کام میں لانے کیلئے اسمبلی میں آئی اور پالیسی سازی، ریسرچ اور قانون سازی کی خلیج کو ختم کرنے کے مقاصد کیلئے کام کیا۔ انہوں نے بتایا وزارت ملنے کی خبر پر میرے شوہر حفیظ احمد پاشا بہت خوش ہوئے ہم منفرد جوڑا ہیں شوہر وفاقی وزیر خزانہ رہے اور مجھے صوبائی وزیر خزانہ کا قلمدان سونپا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا میں آج جس مقام پر ہوں اس میں میرے شوہر کی مکمل سپورٹ شامل ہے، کوئی عورت چاہے وہ جتنی بھی تعلیم یافتہ ہو وہ شوہر کی سپورٹ کے بغیر آگے نہیں بڑھ سکتی، میرے دو بچے ہیں اور دونوں ٹین ایجر ہیں، فارغ وقت انکے ساتھ گزارنا اچھا لگتا ہے۔